پٹنہ 10 اکتوبر (تاثیر بیورو): ریاستی حکومت نے اپنے ملازمین کو دیوالی سے پہلے ایک بڑا تحفہ دیا ہے۔ اب انہیں ساتویں تنخواہ کمیشن کی سفارشوں کے مطابق بھتے ملیںگے۔ اس سلسلے کی ایک تجویز کو ریاستی کابینہ نے منگل کومنظوری دے دی۔ کابینہ کی میٹنگ میں 15 دیگر ایجنڈوں پر بھی مہر لگی۔ حکومت کے فیصلے کے مطابق ریاستی ملازمین کو اب 4 سلیب میں رہائشی بھتہ دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ایک ہزار روپئے کا میڈیکل بھتہ بھی دیا جائے گا۔ محکمہ مالیات کے تحت ریاستی تنخواہ کمیشن کی سفارشوں کے ضمن میں ریاستی ملازمین کے مختلف بھتوں کی موجودہ شرحوں میں ترمیم کو منظوری دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں نئی دہلی میں رہنے والے ریاستی ملازمین کیلئے بےسک پے کا 24 فیصد ،پٹنہ کیلئے 16 فیصد ،دیگر ضلع ہیڈکوارٹر کیلئے 8 فیصد اور دیگر شہروں کیلئے 6 فیصد اور دیہی علاقوں کیلئے 4 فیصد رہائشی بھتہ منظور کیا گیا ہے۔ ٹرانسپورٹ بھتہ زیادہ سے زیادہ 1500 اور کم از کم 600 روپئے رکھا گیا ہے۔ میڈیکل الاﺅنس ماہانہ ایک ہزار روپئے رکھا گیا ہے۔ ڈپوٹیشن بھتہ ایک ہی اسٹیشن میں ہونے پر زیادہ سے زیادہ 2 ہزار روپئے اور مختلف اسٹیشن ہونے پر 4 ہزار روپئے کیا گیا ہے۔ فیملی پلاننگ بھتہ ختم کردیا گیا ہے۔ ڈاکٹر کیلئے سالانہ 4500 روپئے جنرل بھتہ ،نرسوں کو 1800 روپئے وردی بھتہ اور دفتر کے زیادہ سے زیادہ دو ملازمین کیلئے 180 روپئے ماہانہ سائیکل بھتہ، پٹنہ کیلئے ایک ہزار روپئے اور نئی دہلی کیلئے 1500 روپئے ڈرائیوروںکو ڈرائیونگ الاﺅنس قابل ادا ہوںگے۔ اس کے علاوہ محکمہ سماجی فلاح کے تحت معذوروں کے اختیار سے متعلق قانون 2016 کے دفعہ 66کے تحت معذوروں کی اختیار کاری کیلئے ریاستی صلاح بورڈ کی تشکیل کو بھی منظوری دی گئی۔ اس سلسلے میں اسپیشل سکریٹری اوپندر ناتھ پانڈے نے بتایا کہ سماجی فلاح کی وزیر کی صدارت میں تشکیل ریاستی صلاح کار بورڈ میں کئی محکموں کے سکریٹری بطور ممبر شامل کئے جائیںگے۔ ساتھ ہی ضلعوں کے ڈی ایم کی سفارش پر بھی نمائندے نامزد ہوںگے۔ اس کے علاوہ اسمبلی کے دو اور کونسل کے ایک رکن بھی بورڈ کاحصہ بنیںگے
ریاستی ملازمین کو دیوالی کا تحفہ
