آروشی قتل کیس میںتلوار جوڑا بری

الہ آباد 12 اکتوبر (آئی این ایس انڈیا)الہ آباد ہائی کورٹ نے راجیش اور نوپور تلوار کو اپنی نوجوان بیٹی آروشی اور گھریلو ملازم ہیم راج کے قتل کے الزام سے بر ی کر دیا ہے ۔ یہ معاملہ 2008 کے ایام میں پیش آیاتھا جب آروشی کی لاش ان کے گھر میں ملی تھی پھر دو روز کے بعد گھریلو ملازم ہیم راج کی لاش بھی نوئیڈا واقع جل وایو وہار میں راجیش کے بنگلہ کے ٹریس پر پائی گئی تھی ۔ اس ڈبل مرڈر واقعہ سے نوئیڈا میں افراتفری مچ گئی تھی اور اس وقت کی وزیر اعلی مایا وتی نے سی بی آئی جانچ کا حکم دیا تھا ۔ یہ فیصلہ تلوار جوڑے کے لئے 9سال کے بعد راحت کا پیغام لے کر آیا ہے ۔ سی بی آئی کی عدالت نے ان پر غصہ کی وجہ سے اپنی چودہ سالہ بیٹی آروشی کو قتل کرنے کا الزام لگا یا تھا ۔ اس کے پس پشت یہ وجہ بتائی گئی کہ آروشی -ہیم راج کے درمیان ناجائز تعلقات تھے ۔سی بی آئی کی عدالت نے تلوار جوڑے کو 26 نومبر 2013 کو مجرم گردانتے ہوئے عمر قید کی سزا سنائی تھی؛ لیکن ہائی کورٹ کی بنچ نے سی بی آئی عدالت کے حکم کے خلاف تلوار جوڑے کوقتل کے الزام سے بری کردیا۔ واضح ہو کہ آروشی -ہیم راج ڈبل مرڈر کیس میں یہ شبہ ظاہر کیا جا رہاتھا کہ تلوار جوڑے نے آروشی -ہیم راج کو ایک ساتھ بستر پر قابل اعتراض حالت میں دیکھ لیا تھا اور پھر شدت غیظ میں آکر پہلے تو آروشی کاقتل کیا پھر گھریلوملازم ہیم راج کا قتل دو دن کے بعد کر دیا گیا تھا۔