سرجن گھوٹالہ کے خلاف آر جے ڈی کا راج بھون مارچ

پٹنہ 12 اکتوبر (تاثیر بیورو): بھاگلپور کے بدنام زمانہ سرجن گھوٹالہ کے خلاف آرجے ڈی رہنماﺅں اورکارکنوں نے جمعرات کو راج بھون مارچ کیا۔ اس دوران آرجے ڈی کارکنوں اور پولس کے درمیان تصادم میں کئی مظاہرین اور پولس اہلکار زخمی ہوگئے۔ دراصل بھاگلپور میں ہوئے سرجن گھوٹالہ کے سلسلے میں صبح 11 بجے آر جے ڈی کارکنان پٹنہ کے جے پی گولمبر چوک سے راج بھون مارچ کرنے کیلئے جمع ہوئے تھے۔ اسی دوران آر جے ڈی کارکنوں نے ہنگامہ کرتے ہوئے سنگ باری شروع کردی۔جس کے بعد پولس کو لاٹھی چارج کرنا پڑا۔ اس پورے واقعہ میں کئی پولس اہلکار زخمی ہوگئے۔ دوسری طرف آر جے ڈی رہنماﺅں نے پولس پر بلاوجہ طاقت کے استعمال کا الزام لگاتے ہوئے کہاکہ حفاظتی دستوں کے ذریعہ لاٹھی چارج کے دوران پارٹی کارکنوں کو چوٹیں آئی ہیں۔ آر جے ڈی لگاتار سرجن گھوٹالے کے خلاف حکومت پر حملے کررہی ہے۔ وزیراعلیٰ اور نائب وزیراعلیٰ سے اخلاقی بنیاد پر استعفیٰ دینے کا بھی مطالبہ کرتی آرہی ہے۔ آر جے ڈی نے سرجن گھوٹالے کی سی بی آئی جانچ اور 828.80 کروڑ کے بٹیشور استھان گنگا پمپ نہر باندھ گھوٹالہ کی اعلیٰ سطحی جانچ ہائی کورٹ کے جج کی نگرانی میں کرائے جانے کی مانگ کررہی ہے۔ آر جے ڈی کاکہنا ہے کہ راج بھون مارچ کے بعد بھی اگر ان کے مطالبات پورے نہیں ہوئے تو پارٹی کی یوتھ اکائی بہار بند اور چکہ جام کرے گی۔