فیڈرر باسیل میں خطاب کے لئے پھر پوتروسے مقابلہ کریں گے

باسیل،۹۲ اکتوبر(یواین آئی) ارجنٹینا کے مارٹن ڈیل پوترو نے دفاعی چیمپئن مارن سلچ کو مسلسل ساتویں مرتبہ شکست دیتے ہوئے یہاں سوئس انڈور ٹینس چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بناکر گھریلو اسٹار راجر فیڈرر کے ساتھ پھر سے خطابی مقابلہ یقینی کرلیاہے ۔ پوترو نے مردوں کے سنگلز کے سیمی فائنل میں سلچ کی غلطیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مسلسل سیٹوں میں 6-4 6-4 سے جیت اپنے نام کی جبکہ ایک اور میچ میں فیڈرر نے ڈیوڈ گافن کو 6-1 6-2 سے آسانی سے شکست دی۔ یہ 13 واں موقع ہے جب سوئس کھلاڑی نے باسسل کے فائنل میں داخلہ حاصل کیاہے ۔ فیڈرر نے یہاں اس سے قبل پہلے سات مرتبہ فائنل میں جیت درج کی ہے اور پانچ مرتبہ شکست کھائی ہے لیکن ان کی شکست میں دو مرتبہ سال 2012 اور 2013 میں انہیں پوترو نے ہی ہرایا ہے ۔ فیڈرر نے کیریئر میں 23 میں سے 17 بار پوترو کو شکست دی ہے ۔ پوترو نے دنیا کے چوتھے نمبر کے کھلاڑی سلچ کو شکست دینے کے بعد کہا “میں نے بہت ہوشیاری سے کھیلا۔ میں نے دونوں سیٹوں میں اپنے موقعے کا انتظار کیا ۔راجر کو اب شکست دینے کے لیے مجھے جارحانہ کھیلنا ہوگا۔ ” دفاعی چمپئن سلچ دوسری طرف پوترو کے خلاف بالکل تال میں نہیں نظر آئے اور کافی بیجا غلطیوں کے بعد چھ بار ڈبل فالٹ بھی کیا۔ ارجنٹینا کے کھلاڑی نے اسی کے ساتھ لندن میں ہونے والے سال کے آخری اے ٹی پی ورلڈ ٹور فائنلس کے لئے بھی آخری دو میں سے ایک پر اپنا قبضہ کر لیا۔ دوسری طرف فیڈرر نے اپنے بیلجئیم کے حریف کو آسانی سے شکست دے کر ایڈیشن میں آٹھویں ٹورنامنٹ فائنل میں جگہ بنائی۔ اس ٹورنامنٹ میں سوئس کھلاڑی نے صرف ایک بار کوارٹر فائنل میچ میں ایڈرین مناریو کے خلاف ہی سیٹ گنوایا ہے ۔