مرکزی حکومت کے دارجلنگ سے مرکزی فورسیز ہٹانے کے فیصلے پر کلکتہ ہائی کورٹ کی روک

کلکتہ،17اکتوبر(یو این آئی )کلکتہ ہائی کورٹ نے مرکزی حکومت کے دارجلنگ سے مرکزی نیم فورسیس کو واپس بلانے کے فیصلے پر روک لگاتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ27اکتوبر تک مرکزی فورسیس کو نہ ہٹایا جائے دارجلنگ سے مرکزی نیم فورسیس کے ہٹانے کے مودی حکومت کے فیصلے کے خلا ف کلکتہ ہائی کورٹ میں اپیل دائر کرتے ہوئے ممتا حکومت نے آج عدالت سے کہا کہ دارجلنگ میں مرکزی نیم فورسیس کی سخت ضرورت ہے اس کے باوجود ریاستی حکومت کے مشورے کیے بغیر مرکزی نیم فورسیس کو دارجلنگ سے ہٹایا جارہا ہے ۔اس سے قبل وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کل مرکزی حکومت کے فیصلے پر سخت اعتراض کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کو خط بھی لکھ کر اپیل کی تھی کہ مرکزی فورسیس کو نہیں ہٹایا جائے ۔اتوار کو مرکزی وزارت داخلہ نے ریاستی محکمہ داخلہ کو خط لکھ اطلاع دی تھی کہ 16اکتوبر سے 10کمپنیوں کو دارجلنگ سے ہٹالیا جائے گا ۔تاہم وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے درمیان فون پر بات چیت کے بعد مرکز نے 10 کے بجائے 7سات کمپنیوں واپس بلانے کا فیصلہ کیا۔ممتا بنرجی نے مرکز کے فیصلے کو وفاقی ڈھانچہ کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ16جولائی کو کلکتہ ہائی کورٹ کے فیصلے کی بھی توہین ہے کیوں کہ کلکتہ ہائی کورٹ نے مرکز کو ہدایت دی تھی کہ ریاست کی مدد کریں ۔جسٹس ہریش ٹنڈن نے مرکزی حکومت سے سوال کیا کہ آخر کس بنیاد پر مرکزی فورسیس کو ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔اور اس کیلئے ریاستی حکومت سے رابطہ کیوں نہیں کیا گیا ۔جسٹس دیبانگسوباسک نے مرکزی و ریاستی حکومت سے سوال کیا کہ مغربی بنگال کے عوام کے جذبات دارجلنگ سے وابستہ ہے آخر اس معاملے میں سیاست کیوں کی جارہی ہے ۔مرکزی حکومت کی جانب سے عدالت سے کہا گیا کہ چوں کہ مختلف ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہیں اور ریاستی حکومت دارجلنگ میں مرکزی نیم فورسیس کا صحیح سے استعمال نہیں کررہی ہے ۔ریاستی حکومت نے کہا کہ دارجلنگ کے حالات ایسے نہیں ہیں کہ مرکزی فورسیس کو ہٹادیا جائے ۔جسٹس ہریش ٹنڈن اور جسٹس دیبانگسوباسک نے مرکزی و ریاستی حکومت کی دلیلیں سننے کے بعد مرکزی حکومت کے فیصلے پر عارضی روک لگاتے ہوئے کہا کہ 27اکتوبر تک مرکزی فورسیس کی 15کمپنیاں تعینات رہیں گی۔جسٹس ہریشن ٹنڈن نے مرکزی حکومت کو ہدایت دی کہ 23اکتوبر تک حلف نامہ داخل کریں اور ریاستی حکومت اس پر جواب 26اکتوبر تک داخل کرے گی اور اس کے بعد 27اکتوبر تک سماعت ہوگی۔خیال رہے کہ دارجلنگ میں 104دنوں کی ہڑتال ختم ہونے کے بعد حالات معمول پر آرہے ہیں ۔