مودی اچانک پہنچے بہار میوزیم،دل کھول کر تعریف کی

پٹنہ،14اکتوبر (تاثیربیورو) وزیر اعظم نریندرمودی اپنے مختصر بہار دورہ کے دوران حال ہی میں تعمیر بہار میوزیم دیکھنے کے لئے اچانک پہنچ گئے اور اس کی کافی تعریف کی۔ مسٹر مودی نے ہوائی اڈہ پر خیر مقدم کرنے آئے وزیر اعلی نتیش کمار کے سامنے میوزیم دیکھنے کی خواہش ظاہر کی۔ مسٹر کمار نے بتایا کہ مسٹر مودی نے ان سے پوچھا کہ پٹنہ میں جو نیا میوزیم بنا ہے اسے کیا وہ دیکھ سکتے ہیں۔ اس پر وزیر اعلی نے جواب دیا ، کیوں نہیں۔ وزیر اعظم پٹنہ یونیورسٹی کی صدسالہ تقریب کے بعد بہار میوزیم دیکھنے گئے ۔ مسٹر مودی نے میوزیم کی ایک چھت کے نیچے بہار کی شاندار ثقافتی وراثت کا معائنہ کیا ۔ وزیر اعلی نتیش کمار نے وہاں رکھی ایک ایک چیز کی خود جانکاری انہیں دی۔مسٹر مودی نے اس کے بعد وزیٹرس بک پر اپنے ریمارکس بھی درج کئے ۔ خیال رہے کہ پانچ سو کروڑ روپے کی لاگت سے تیار اس میوزیم میں بہار کی شاندار وراثت کی جھلک دیکھنے کو ملتی ہے ۔ میوزیم میں رکھا ہوا چندرگپت بادشاہ کا تخت لوگوں کی دلچسپی کا خاص مرکز ہے ۔