ہندستان اور یوروپ د ہشت گردی کے خلاف متحد:مودی

نئی دہلی ،6اکتوبر(یواین آئی)وزیر اعظم نریندر مودی نے یوروپی یونین کے ساتھ ہندستان کی شراکت داری کو اہم قرار دیتے ہوئے آج کہا کہ دونوں فریق عالمی سطح پر دہشت گردی کے خلاف ملکر لڑنے اور سرمایہ کاری ،تجارت ،صاف ستھری ٹکنالوجی سمیت اقتصادی شعبہ میں باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لئے پرعزم ہیں ۔مسٹر مودی نے یہاں منعقدہ ‘ہند۔یوروپی یونین چوٹی کانفرنس’ کے بعد میڈیا کے سامنے ایک بیان میں کہا کہ یوروپی یونین (ای یو ) کے ساتھ ہمہ جہت شراکت داری ہندستان کے لئے کافی اہم ہے اور دونوں فریقوں کی اسٹریٹجک شراکت داری خصوصیت کی حامل ہے ۔انھوں نے کہا کہ سال 1962میں یوروپی اقتصادی کمیونٹی کے قیام کے بعد ہندستان اس سے سفارتی تعلقات قائم کرنے والے اہم ملکوں میں تھا۔وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ملکر کام کرنے اور اس میں سکیورٹی تعاون بڑھانے پر دونوں فریق متفق ہیں ۔انھوں نے کہا ”اس پر ہم نے صرف دوطرفہ سطح پر تعاون مضبوط کریں گے ،بلکہ عالمی پلیٹ فارم پر بھی ہم اپنا تعاون اور تال میل بڑھائیں گے ۔”انھوں نے کہاکہ صاف ستھری توانائی اور آب و ہوا میں تبدیلی پر دونوں فریق پیرس معاہدے کے تئیں عہد بند ہیں اور دونوں کی اس سلسلہ میں محفوظ ،سستی اور مسلسل توانائی کی مشترکہ ترجیحات ہیں ۔قابل تجدید توانائی کی لاگت کم کرنے کے لئے دونوں فریق تعاون کرتے رہیں گے ۔اس کے علاوہ اسمارٹ شہروں کی ترقی اور شہری بنیادی ڈھانچہ کو بہتربنانے کی سمت میں بھی یوروپی یونین کا تعاون جاری رہیگا۔ ہندستان اور یوروپی یونین کے مابین شہری ہوابازی سے متعلق معاہدہ ہونے پر اظہارمسرت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اس سے دونوں فریقوں کے درمیان فضائی رابطہ بڑھیگا اور لوگوں کے درمیان باہمی رشتوں کو تقویت ملے گی ۔انھوں نے سائنس و ٹکنالوجی اور تحقیق و اختراع کے شعبوں میں دونوں فریقوں کے مابین ہوئے معاہدوں کو اہم بتایا اور کہا کہ اس سے دونوں کے یہاں کے ماہرین کا باہمی رابطہ بڑھے گا اور نوجوان سائنس دانوں اور تحقیق کو فائدہ ہوگا۔انھوں نے یوروپی انویسٹمنٹ بینک کے ساتھ قرض سے متعلق معاہدے کا بھی خیر مقدم کیا ۔یوروپی یونین کو طویل عرصہ سے ہندستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہونے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے بھی یہ بڑے وسائل میں سے ایک ہے ۔انھوں نے کہا کہ دنیا کی دو سب سے بڑے جمہوری نظام کے طور پر دونوں فریق ایک طرح سے فطری شراکت دار ہیں ۔دونوں کے رشتوں کی بنیاد جمہوری اقدار،قانون کے مطابق گورننس،بنیادی آزادی اور مخلوط ثقافت پر رکھی گئی ہے ۔مسٹر مودی نے کہا کہ دونوں فریق کئی نئے شعبوں میں اپنے رشتوں کو توسیع دینے میں کامیاب ہوئے ہیں اور اس پر متفق ہیں کہ باہمی اعتماد اور فہم پر مبنی ان رشتوں کو مزید جامع اور سودمند بنانے کی سمت میں کوشش کرتے رہنا چاہئے ۔