آٹو رکشہ اور ای رکشہ کو مفت پارکنگ کی سہولت ملے:نتیش

پٹنہ،18نومبر(یواین آئی): وزیراعلی نتیش کمار نے راجدھانی پٹنہ کے بدھ اسمرتی پارک کے نزدیک جام کی صورتحال کو ختم کرنے کے لئے اس پارک میں بنی ملٹی اسٹوری پارکنگ میں آٹو اور ای رکشہ کو مفت پارک کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے آج یہاں زیر تعمیر چرئیا ٹانڈ پل کنیکٹیو فلائی اوور کے معائنہ کے دوران بدھ اسمرتی پارک کے نزدیک جام کے پیش نظر افسروں کو پارک کے اندر بنی ملٹی اسٹوری پارکنگ میں آٹو اور ای رکشہ کیلئے مفت پارکنگ کا انتظام کرنے کی ہدایت دی۔وزیراعلی نے گاندھی میدان کی طرف سے ایگزبیشن روڈ پر بنے پل کے بارے میں کہا کہ اس پر دونوں طرف سے ٹریفک بحال کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ فلائی اوور بنانے کا اہم مقصدلوگوں کو بہتر ٹریفک سہولت مہیا کراناہے ۔انہوں نے کہا کہ چرئیاٹانڈ کنیکٹیو فلائی اوور کوایگزبیشن روڈ پر بنے اووربرج کے ساتھ ملا دیا جائے تاکہ لوگوں کو آمدو رفت میں مزید سہولت ہوسکے ۔انہوں نے کہا کہ اس فلائی اوور پر ون-وے کا کوئی مطلب نہیں ہے کیونکہ اس پل پر زیادہ بھیڑ نہیں ہے ۔مسٹر کمار نے اس کے بعد کربگہیا سے یارپور پل کو جوڑنے والے زیرتعمیر فلائی اوور کا بھی معائنہ کیا۔اسی سلسلے میں انہوں نے کہا کہ پٹنہ ایکسٹینشن اور گیا-پٹنہ فور لین کے پیش نظر یہ کنیکٹیو فلائی اوور کافی اہم ہے ۔انہوں نے افسروں کو اس کی تعمیر کا تجزیہ کرنے کی بھی ہدایت دی۔اس موقع پر سڑک تعمیرات کے وزیر نند کشور یادو ،چیف سکریٹری انجنی کمار سنگھ،وزیراعلی کے پرنسپل سکریٹری چنچل کمار،سڑک تعمیرات محکمہ کے پرنسپل سکریٹری امرت لال مینا،ڈی ایم سنجے کماراگروال اور سٹی کمشنر ابھیشیک سنگھ سمیت دیگر افسران موجود تھے ۔