اندرا گاندھی کی قربانی کو ملک کبھی فراموش نہیں کر سکتا: اسلم باشا

تامل ناڈویکم نومبر(پریس ریلیز)سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی 33ویں برسی کے موقع پر آج تمل ناڈو کانگریس کے اقلیتی شعبہ کے صدر اسلم باشا نے انھیں پرخلوص خراج عقید ت پیش کیا۔ اس موقع پر اسلم باشا نے ان کے مجسمہ پر گلپوشی کی اور ملک کے لیے کیے گئے ان کے کارناموں کو یاد کیا۔ تمل ناڈو کے ضلع ویلور واقع ونیمباڑی میں اسلم باشا نے اس سلسلے میں منعقد ایک تقریب کے دوران کہا کہ ”سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی قربانی کو ملک کبھی فراموش نہیں کر سکتا۔ ان کی زندگی سیکولرزم کے لیے ایک مثال ہے۔ وہ ہندوستانی عوام کے دل و دماغ میں آج بھی زندہ ہیں“ انھوں نے مزید کہا کہ 14 بڑے پرائیو یٹ سیکٹر کے بینکوں کو نیشنلائزڈ کرنا، انڈسٹریز سے متعلق کئی اہم فیصلے لینا اور انشورنس کے شعبہ میں اہم پیش رفت کرنا ملک کے تئیں ان کی وسعت نظری کا بہترین ثبوت ہے۔ اسلم باشا نے اس بات پر افسوس ظا ہر کیا کہ آج کی نسل اندرا گاندھی کے کارنامو ں سے انجان ہے اور انھیں اس بات کا احساس نہیں ہے کہ ہندوستان اگر آج معاشی میدان میں دنیا کے بڑے بڑے ممالک کے ساتھ کھڑا ہے تو اس میں پرائیویٹ سیکٹر کے بینکوں کے نیشنلائزڈ کر نے کا اہم کردار ہے۔ اس کے علاوہ دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے ہندوستان کے بینک مالی تحفظ کے لحاظ سے کہیں زیادہ قابل اعتماد ہیں ۔ اپنی تقریر میں اسلم باشا نے اندرا گاندھی کو ہندوستان کے ان وزرائے اعظم کی فہرست میں شریک قرار دیا جنھوں نے ہندوستانی تہذیب و اقدار کا پاس و لحاظ رکھتے ہوئے ملک پر حکمرانی کی اور عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانا کا اصل مقصد رہا۔ اندرا گاندھی ہندوستان کی شناخت یعنی ’ایکتا میں انیکتا‘ کو ہمیشہ اپنے ذہن میں رکھتی تھیں اور ملک کی تہذیب و تمدن اور جمہوریت کا ہمیشہ خیال رکھا۔ موجودہ حالات میں بی جے پی حکومت کی غلط روش اور فرقہ پرستی پر مبنی سیاست کا تذکرہ کرتے ہوئے اسلم باشا نے کہا کہ بی جے پی ڈیولپمنٹ کے جھوٹے نعرہ اور دلکش جملوں کے سہارے اقتدار پر تو قابض ہو گئی ہے لیکن مثبت کام کرنے کی جگہ آر ایس ایس کی ذہنیت کو فروغ دینے کو ترجیح دے رہی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس مل کر اپنی شرمناک حرکتوں سے ملک کی سالمیت کو نقصان پہنچا رہی ہے۔اس موقع پر ویلور ضلع چیئرمین الیاس خان، ونیمباڑی شہر کانگریس کے صدر فرید احمد، ونیمباڑی شہر کے نائب صدر عبدالرحمن، ونیمبا ڑی اقلیتی سیل کے صدر مدثر باشا، ایڈوو کیٹ راجیش، خاتون ممبر وجیا لکشمی، جنرل سکر یٹری شفیع احمد، محمد باشا وغیرہ شامل تھے۔ تقریب میں شریک لوگوں کا شکریہ محمد مزمل نے ادا کیا۔