بلے بازی میں متالی راج کاپہلا مقام برقرار

دبئی ، 07 نومبر (یو این آئی) آئی سی سی خاتون ون ڈے رینکنگ میں ہندستان چوتھے مقام پر ہے جبکہ ہندستانی خاتون کرکٹ ٹیم کی کپتان متالی راج نے بلے بازی کے زمرے میں اپنا سرفہرست مقام برقرار رکھا ہے ۔ متالی راج بدستور سرفہرست ہیں، الیسی پیری، میگ لیننگ، اسیٹرتھ وائٹ، ہرمن پریت کور، الیکشن بلیک ویل ، سوزی بیٹس، لیزلی لی، نتالیا اسکیور اور سارہ ٹیلر بالترتیب نمایاں پوزیشنیں سنبھالے ہوئے ہیں۔ بیٹنگ کے ٹاپ 10 میں کوئی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں، پاکستانی کپتان بسمہ معروف 11 درجے چھلانگ لگا کر 21 ویں جب کہ جویریہ ودود اتنے ہی پوائنٹس کے ساتھ 22 ویں نمبر پر موجود ہیں، ناہیدہ بی بی 15درجے بہتری سے 33 ویں پوزیشن پر آگئی ہیں۔ پاکستان ایک پوائنٹ کے اضافے سے بدستور ساتویں نمبر پر موجود ہے جب کہ بولنگ میں ثنا میر ٹاپ 10 میں شامل ہو گئیں۔ آئی سی سی خاتون ون ڈے رینکنگ بولنگ میں آل را¶نڈر اور سابق کپتان ثنا میر سیریز میں 7 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے 8 درجے کے بڑی چھلانگ کے ساتھ 7 ویں پوزیشن پر آ گئیں، ان کے سوا کوئی اور پاکستانی بولر ٹاپ 10 میں شامل نہیں۔ ماریزانے کیپ بدستور ٹاپ پر موجود ہیں، جھولن گوسوامی، اسیٹفنی ٹیلر، میگن شیٹ، جیس جوناسن، آنیا شربسول، ثنا میر، ایابونگا کھاکا، ڈی وین نیکرک اور شبنم اسماعیل بالترتیب نمایاں پوزیشنز پر موجود ہیں جب کہ آل را¶نڈرز میں الیسی پیری پہلے نمبر پر ہیں۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین 3 میچوں کی ون ڈے سیریز کے بعد نئی ون ڈے رینکنگ جاری کی گئی ہے ، آسٹریلوی ٹیم 129 پوائنٹس کے ساتھ بدستور سر فہرست ہے ، انگلینڈ 127 پوائنٹس دوسرے نمبر پر موجود ہے ، پاکستان کے ہاتھوں تیسرے ون ڈے میں شکست پر نیوزی لینڈ کے 2 پوائنٹس کی کمی سے 116 پوائنٹس ہو گئے ، ہندستانی ٹیم کے بھی اتنے ہی پوائنٹس ہیں تاہم اعشاریائی فرق سے نیوزی لینڈ تیسرے اور ہندستان چوتھے نمبر پر ہے ۔ ویسٹ انڈیز 103 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں، جنوبی افریقہ 93 پوائنٹس چھٹے جب کہ پاکستان ایک پوائنٹ کے اضافے سے 73 پوائنٹس کے ساتھ بدستور ساتویں نمبر پر موجود ہے ۔ سری لنکا 66، بنگلہ دیش 37 اور آئر لینڈ 30 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب 8، 9اور 10 ویں نمبر پر موجود ہیں۔