غیر سبسیڈی والا گیس سلنڈر اور طیارہ ایندھن مہنگا

نئی دہلی، یکم نومبر (یو این آئی)تیل کمپنیوں نے رسوئی گیس کے غیرسبسڈی والے سلنڈر کی قیمت میں 93روپے فی سلنڈر اضافہ کا اعلان کیا ہے ۔ اس کے علاوہ سبسڈی والا سلنڈر بھی 4.56روپے مہنگا کیا گیا ہے ۔ کولکتہ کو چھوڑ کر تین شہروں میں طیارہ ایندھن کی قیمت میں بھی اضافہ کیا گیا ہے ۔قیمتوں میں یہ اضافہ آج سے نافذ ہوگیا ہے ۔ تیل کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق دہلی میں اب سبسڈی والا سلنڈر742روپے کا ملے گا۔ یہ مسلسل چوتھا مہینہ ہے جب اس میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ حکومت ایک مالی سال میں صارفین کو 12سلنڈر سبسڈی قیمت پر دستیاب کراتی ہے جبکہ اس سے زیادہ سلنڈر لینے پر بازار کی قیمت ادا کرنی پڑتی ہے ۔سبسڈی ختم کرنے کے حکومت کے فیصلہ کے تحت کمپنیوں نے سبسڈی والے سلنڈر کی قیمت دہلی میں 4.56روپے بڑھا کر 495.69روپے فی سلنڈر کردی ہے ۔طیارہ ایندھن کی راجدھانی میں قیمت 1,098روپے فی کلو لیٹر بڑھائی گئی ہے جبکہ کولکتہ میں اس کی قیمت 2,959روپے کم ہوئی ہے ۔