فیما معاملے میں یاسین ملک کو ای ڈی کا نوٹس

نئی دہلی، 3 نومبر(یو این آئی ) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے علیحدگی پسند لیڈر اور جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ یاسن ملک اور دو دیگر کو غیرفارن ایکس چنج ریگولیشن مینجمنٹ قانون(فیما) کی مبینہ خلاف ورزی کے سلسلے میں نوٹس جاری کرکے تیس دن کے اندر جواب طلب کیا ہے ۔ای ڈی کے ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ نوٹس حال ہی میں بھیجا گیا ہے ۔ یہ معاملہ 48.23 لاکھ روپے کے لین دین سے متعلق ہے ۔ اس معاملے میں 2001 میں ایف آئی آر درج کرایا گیا تھا ۔ مسٹر ملک اور سری نگر کے ایک جوڑے کو یہ نوٹس بھیج کر تیس دنوں کے اندر جواب طلب کیا گیا ہے ۔ جواب ملنے کے بعد مزید کارروائی شروع کی جائے گی۔جموں و کشمیر پولیس نے ایک لاکھ امریکی ڈالر ضبط کئے تھے ۔ یہ رقم سری نگر کے مشتاق احمد ڈار اور ان کی اہلیہ شمیمہ عرف شاذیہ عرف بٹی سے ضبط کی گئی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈار نے پولیس سے پوچھ گچھ میں بتایا تھا کہ یہ رقم مسٹر ملک کو دینے کے لئے نیپال کے ایک شخص نے اسے دی تھی۔ اس معاملے میں جے کے ایل ایف کے سربراہ کو گرفتار کیا گیا تھا۔ فی الحال وہ ضمانت پر ہیں۔