پی ایم مودی نے فیفاانڈر-17 ورلڈکپ کے کھلاڑیوں سے کی ملاقات

نئی دہلی، 10 نومبر (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے فیفا انڈر 17 ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی ہندوستانی فٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں سے جمعہ کو ملاقات کی ۔انہوں نے ان نوجوان کھلاڑیوں کا جوش اور ولولہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ ان کے شانوں پر مستقبل کی بڑی ذمہ داری ہے ۔ وزیراعظم نے پہلی مرتبہ ہندوستان کی میزبانی میں ہوئے فیفا ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی انڈر 17 ٹیم کو وزیر اعظم کے دفتر میں مدعو کیا تھا۔یہ ٹیم اے ایف سی انڈر۔۹۱ چیمپئن شپ کوالیفائرس میں شرکت کرکے سعودی عرب سے لوٹی ہے ۔ مسٹر مودی نے کہا، “میں نے ذاتی طور پر اس میٹنگ کے لئے کہا تھا کیونکہ میں نے آپ کے اندر کچھ کر گزرنے کا جذبہ دیکھا ہے ۔ آپ کی کارکردگی کے بعد لوگ آپ سے واقف ہونے لگے ہیں اور آپ کے کندھوں پر ایک بڑی ذمہ داری آگئی ہے ۔ وزیر اعظم کے ساتھ تبادلہ خیال کے دوران کھلاڑیوں نے فیفا عالمی کپ کے دوران حاصل ہونے والے اپنے تجربے کے علاوہ میدان میں اور میدان سے باہر ملنے والی اپنی پہچان کے بارے میں گفتگوکی۔ وزیر اعظم نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ وہ ٹورنامنٹ کے نتیجے سے ہرگز مایوس نہ ہوں، بلکہ وہ اسے سیکھنے کا ایک موقع سمجھیں۔ انہوں نے کہا کہ پورے جوش و خروش اور جذبے کے ساتھ کھیلنا ہی کامیابی کا پہلا قدم ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان فٹ بال میں بہت کچھ حاصل کرسکتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھیل کود شخصیت کی تعمیر، اعتماد بحال کرنے اور فرد کی مجموعی ترقی کے لئے مدد گار ثابت ہوتاہے ۔ اس موقع پر نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) راجیہ وردھن سنگھ راٹھور موجود تھے ۔