ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان کی مسلسل دوسری ہار

میلبورن ، 09 نومبر (یو این آئی ) چار ملکی بین الاقوامی ہاکی ٹورنامنٹ میں میزبان اور عالمی چمپئن آسٹریلیا کے ہاتھوں 1 کے مقابلے 9 گول کی تاریخ کی بدترین شکست کے بعد پاکستان کو جاپان کے خلاف 3 کے مقابلے میں ایک گول کی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔میلبورن ہاکی سینٹر میں کھیلے گئے میچ میں جاپانی ٹیم میچ کے ابتداءسے ہی پاکستان ٹیم پر حاوی رہی اور میچ کے اختتام تک میچ پر کنٹرول رکھتے ہوئے باآسانی پاکستان کو شکست سے دوچار کیا۔ گزشتہ روز اسی ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں میزبان آسٹریلیا نے پاکستان کو 9 کے مقابلے میں 1 گول سے تاریخ کی بدترین شکست سے دوچار کیا تھا۔ جاپان کی جانب سے کینٹی تاناکا نے 14ویں اور 46 ویں منٹ میں جبکہ گینکی ماتانہ نے 50ویں منٹ میں گول کئے اور اپنی ٹیم کا اسکور 3 گول تک پہنچایا، پاکستان کی جانب سے واحد گول کھیل کے آخری لمحات میں عتیق ارشد کی جانب سے کیا گیا۔ پاکستانی ٹیم ایونٹ میں اپنا اگلا اور آخر میچ ہفتہ یعنی 11 نومبر کونیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ آج کھیلے گئے ایک دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 4 کے مقابلے میں 1 گول سے شکست دی۔گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کے بلیک گوورز نے ہیٹ ٹرک اور آرون کلنس مڈ نے 2 گول اسکور کئے ، میچ میں پاکستان کی جانب سے واحد گول ابوبکر محمود نے کیا تھا ۔ پاکستان کی یہ کسی بھی میچ میں اب تک کی سب سے بدترین شکست رہی ہے ، اس سے قبل 2006ءمیں اسپین میں ہونے والی چمپئن ٹرافی کے دوران ہالینڈ نے پاکستان کو 2 کے مقابلے میں 9 گول سے ہرایا تھا۔آسٹریلیا میں جاری اس چار ملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں شریک دیگر ٹیمیں جاپان اور نیوزی لینڈ کی ہیں۔واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم اس سے قبل کسی بھی ٹیم سے 8 گولز کی برتری سے نہیں ہاری۔