ایندھن بردار بحری جہاز یمن کی الحدیدہ بندر گاہ پر لنگر انداز : عرب اتحاد

ریاض 24 دسمبر (آئی این ایس انڈیا )سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد کے ایک سرکاری ذریعے نے اطلاع دی ہے کہ باحیا داناس نامی کی ایک بحری جہاز یمن کی الحدیدہ بندر گاہ پر پہنچ گیا ہے اور یمنی فوج کے انخلاءاور انسانی آپریشن سیل کو اس کے داخلے کی اجازت موصول ہوگئی ہے۔اس جہاز پر 13808 ایندھن ٹن لدا ہوا ہے۔اس ذریعے نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ یہ بحری جہاز ہفتے کی صبح 8 بج کر 48 منٹ پر بندر گاہ پر پہنچا تھا۔قبل ازیں عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا تھا کہ حوثی ملیشیا یمن میں ویکسین کی تقسیم میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے اور اس نے تمام انسانی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے متاثرین کے لیے بھیجی گئی ادویہ اور امدادی خوراک کو لوٹ لیا ہے۔عرب اتحاد نے گذشتہ بدھ کو یہ اعلان کیا تھا کہ الحدیدہ کی بندرگاہ امدادی اور تجارتی سامان سے لدے بحری جہازوں کی آمد کے لیے کھلی رکھی جائے گی۔نیز اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی ایلچی برائے یمن اسماعیل ولد شیخ احمد کی تجاویز پر عمل درآمد کے لیے اس بندرگاہ کو مزید تیس دن تک کھلا رکھا جائے گا۔برطانیہ سمیت متعدد مغربی ممالک کی حکومتوں نے عرب اتحاد کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے اور انھوں نے حوثی ملیشیا کی خطے میں عدم استحکام کی سرگرمیوں اور امدادی سامان کی تقسیم کے عمل میں رکاوٹیں ڈالنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔