دوبئی، 25 دسمبر (یو این آئی) ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کے خلاف 3۔0 کی کلین سویپ کے ساتھ آئی سی سی کی تازہ جاری ٹوئنٹی 20 بین الاقوامی ٹیم رینکنگ میں براہ راست تین مقام کی چھلانگ لگاتے ہوئے دوسرا پائدان حاصل کر لیا ہے ۔ ٹیم کے کھلاڑیوں کی انفرادی درجہ بندی میں قائم مقام کپتان روہت شرما اور اوپنر لوکیش راہل کو بڑا فائدہ ہوا ہے تو وراٹ کوہلی گر کر تیسرے مقام پر کھسک گئے ہیں۔ روہت کی قیادت میں ٹیم انڈیا نے اتوار کو ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں تیسرا میچ پانچ وکٹ سے جیت کے ساتھ سری لنکا کے خلاف 3۔0 سے کلین سویپ کر لی تھی جس کا فائدہ اسے ٹوئنٹی 20 ٹیم رینکنگ میں ملا ہے ۔ ہندستانی ٹیم کو دو درجہ بندی پوائنٹس کا بھی فائدہ ہوا ہے اور وہ 121 پوائنٹس کے ساتھ انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پانچویں سے دوسرے نمبر پر آ گئی ہے جبکہ پاکستان 124 پوائنٹس کے ساتھ فی الحال سب سے اوپر ہے ۔ اس کے علاوہ کھلاڑیوں کی ٹوئنٹی 20 رینکنگ میں بھی تبدیلی آئی ہے اور قائم مقام کپتان اور دھاکڑ بلے باز روہت اس فارمیٹ کی بلے بازی کی درجہ بندی میں براہ راست چھ مقام کے فائدے کے ساتھ 14 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔روہت نے دوسرے میچ میں 118 رنز کی سنچری بنائی تھی اور سیریز میں 162 رن بنائے ۔ وہیں راہل نے بھی بڑی چھلانگ لگائی ہے ۔سیریز میں دو نصف سنچریوں سمیت 154 رن بنانے والے راہل نے براہ راست 24 مقام کی بڑی چھلانگ لگاتے ہوئے ٹاپ 10 میں جگہ بنا لی ہے اور وہ چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ بلے بازی کی درجہ بندی میں سریز سے باہر رہے کپتان وراٹ کو دو مقام کا نقصان اٹھانا پڑا ہے اور وہ تیسرے مقام پر کھسک گئے ہیں۔وراٹ کو درجہ بندی پوائنٹس کا بھی نقصان ہوا ہے اور 824 پوائنٹس سے گر کر اب ان 776 پوائنٹس ہو گئے ہیں۔بلے بازوں میں آسٹریلوی اوپنر آرون فنچ سرفہرست مقام پر ہیں۔ ٹوئنٹی 20 بولروں میں فاسٹ بولر جسپریت بمراہ اپنے سرفہرست مقام سے گر کر تیسرے مقام پر کھسک گئے ہیں۔ٹاپ 10 میں وہ اکیلے ہندستانی بھی ہیں۔افغانستان کے راشد خان دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ٹوئنٹی 20 آل را¶نڈر میں ہندوستان کا کوئی کھلاڑی ٹاپ 10 میں شامل نہیں ہے ۔
بھارت دوسرے نمبر پر، وراٹ کو نقصان
