بنگلور، 17 دسمبر (یو این آئی) ٹیم انڈیا کے سابق کوچ انل کمبلے کا خیال ہے کہ وراٹ کوہلی کی قیادت والی ہندستانی ٹیم اس وقت شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور آئندہ جنوبی افریقہ کے دورے پر وہ تاریخ رقم کرسکتی ہے ۔ ہندستانی کرکٹ ٹیم اگلے سال کے شروع میں اپنے جنوبی افریقہ کے دورے پر تین ٹیسٹ، چھ ون ڈے اور تین ٹوئنٹی 20 بین الاقوامی میچ کھیلے گی۔مہاتما گاندھی نیلسن منڈیلا ٹسٹ سیریز کا آغاز کیپ ٹا¶ن میں پانچ جنوری سے ہوگا ۔ ہندستانی کرکٹ ٹیم 28 دسمبر کو جنوبی افریقہ کے دورے پر روانہ ہوگی۔ کمبلے نے یہاں اسپورٹس رائٹرزایسوسی ایشن آف بنگلور (ایس ڈبلیواے بی) کی سالانہ تقریب میں کہاکہ مجھے یقین ہے کہ یہ ٹیم جنوبی افریقہ میں تاریخ رقم کر سکتی ہے اور اس سے بھی آگے جا سکتی ہے ۔میں ٹیم کو لے کر مکمل پر اعتماد ہوں۔ سابق ہندستانی کوچ نے کپتان وراٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ مجھے پورا یقین ہے کہ وراٹ کی قیادت والی اس ٹیم میں تاریخ رقم کرنے کی مکمل صلاحیت ہے کیونکہ ٹیم اس وقت شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے ۔ اس سال جون میں آئی سی سی چمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان سے ملی شکست کے بعد کمبلے نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔لیکن بعد میں میڈیا میں ایسی خبریں آئی تھیں کہ انہوں نے کپتان وراٹ کوہلی کے ساتھ اختلافات کی وجہ سے عہدے سے استعفی دیا ہے ۔ ہندستان کے لئے 132 ٹیسٹ اور 271 ون ڈے میچ کھیل چکے کمبلے کو حال ہی میں ‘کوچ آف دی ایئر’ کے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔انہوں نے ٹیم میں کوچ کے کردار کے بارے میں کہاکہ مجھے لگتا ہے کہ کرکٹ میں کوچ کو بولنے سے زیادہ بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہوتی ہے ۔مگر پھر بھی ٹیم نے گزشتہ ایک سال سے اچھی کارکردگی کی ہے اس کی جیت کا سلسلہ اب بھی برقرار ہے ۔ اس سال مئی میں ایسی خبریں آئی تھیں کہ کمبلے نے میڈیا کے کچھ اپنے قابل اعتماد دوستوں کے لئے ایک وھاٹس ایپ گروپ بنایا تھا۔وہ اس پر ان سے بات کرتے تھے ۔یہیں سے ان کے اور باقی سینئر کھلاڑیوں کے درمیان ہونے والی باتیں لیک ہوتی تھیں۔ 132 ٹسٹ میچوں میں ریکارڈ 619 وکٹ حاصل کرنے والے سابق لیگ اسپنر نے اپنے خفیہ وھاٹس ایپ گروپ کو لے کر کہا کہ تمام صحافیوں کو اپنے وھاٹس ایپ گروپ میں شامل نہ کر نے کے لئے ان سے معافی مانگتا ہوں۔
جنوبی افریقہ میں تاریخ رقم کرے گا ہندستان :انیل کمبلے
