رسی سمجھ کر بم سے کھیل رہاتھا بچہ ،ہوا دھماکہ

بھاگلپور ،17 دسمبر( نمائندہ )بھاگلپور میں مسلسل ہورہے بم دھماکوں نے سب کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ گذشتہ ایک مہینے میں یہ چوتھا بم دھماکہ واقعہ ہے۔ کل شام ایک واقعہ میں بھاگلپور میں معصوم کو نہیں معلوم تھا کہ جھاڑیوں میں ملے جس خطرناک چیز کو وہ رسی سمجھ کر کھیل رہا ہے اس میں دھماکہ ہوجائے گا۔ اچانک ہوئے بم دھماکہ میں اس کے دونوں ہاتھ کے پر خچے اڑ گئے ۔ مدھوسودن پور تھانہ علاقہ رام پور خرد پنچایت کے مہا دلت ٹولہ میں سنیچر کی شام ایک گھر میں بم دھماکہ سے 8 سالہ بچہ زخمی ہوگیا۔ اس کے دونوں ہاتھ کا آدھا پنجہ اڑ گیا ہے۔ دھماکہ اتنا زبردست تھا کہ علاقہ دہل اٹھا۔ بچے کے پیر کے کئی جگہ سے گوشت کے ٹکڑے نکل گئے ۔ بچے کا نام رتیش کمار ولد اجئے داس ہے۔ خبر ملنے پر مقامی پولس موقع پر پہنچی اور زخمی کو ناتھ نگر اسپتال کے بعد میڈیکل کالج اسپتال میں علاج کے لئے لے جایا گیا۔ بچے کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔ پولس نے جائے وقوع سے دھماکہ کے بعد بم کے ٹکڑے کے سیمپل ضبط کئے ہیں بچے کے والد کے بیان پر ۔مدھوسودن پور تھانہ میں نامعلوم شخص کے خلاف رپورٹ درج کی گئی ہے۔ اجئے داس نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ وہ رام پور ریلوے پولس کے پاس موچی کاکام کرتا ہے۔ گھر کے پاس بانس بٹی میں کسی نے بم چھپاکر رکھا تھا۔ بیٹا نے کھیلنے کے دوران بم اٹھا لیا اور اس میں دھماکہ ہوگیا۔ دھماکہ ہوتے ہی بیٹا تڑپنے لگا سب دوڑے پھر بیٹے کو اسپتال لے گئے ۔