شہباز شریف مسلم لیگ نواز کے پی ایم امیدوار ہوں گے

اسلام آباد22 دسمبر (آئی این ایس انڈیا )پاکستان کے سبکدوش وزیراعظم اور حکمراں جما عت مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف نے اپنے چھوٹے بھائی اور وزیراعلیٰ پنجاب میا ں شہباز شریف کو آیندہ عام انتخابات کے بعد وزا رتِ عظمیٰ کے لیے امیدوار نامزد کردیا ہے۔ انھوں نے یہ فیصلہ جاتی امراء، لاہور میں اپنے قر یبی مصاحبین کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا ہے ۔انھوں نے اپنے بھائی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف نے کبھی انھیں مایوس نہیں کیا ہے اور وہ اپنی محنت اور کارکردگی کی بدولت ابھر کر سامنے آئے ہیں۔ انھوں نے تسلیم کیا ہے کہ شہباز شریف کو بعض امور پر جماعت کی قیادت سے اختلاف رہا ہے لیکن انھوں نے کبھی جماعت کے نظم وضبط کی خلاف ورزی کی ہے اور نہ انھیں جو کچھ کہا گیا،اس کو ماننے سے انکار کیا ہے۔میاں نواز شریف نے ایک مرتبہ پھر کہا ہےکہ وہ اپنی نااہلی کے فیصلے پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ ان کا اور عمران خان کا ایک ہی جیسا کیس تھا لیکن عدالت ِ عظمیٰ نے انھیں نا اہل قرار دے دیا اور عمران خان کی اہلیت برقرار رکھی ہے۔انھوں نے 2018ء میں ہونے والے عام انتخابات کے بعد نظام عدل کی بہتری کے لیے تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے اور ساتھ ہی یہ بھی کہا ہے کہ کسی کو تو گذشتہ ستر سال کے امراض کا مداوا اور علاج کرنا ہو گا۔واضح رہے کہ پاکستان کی عدالت ِعظمیٰ نے میاں نوازشریف کو جولائی میں پاناما پیپرز کیس کے فیصلے میں اپنے اثاثے چھپانے کے الزام میں نا اہل قرار دے دیا تھا جس کے بعد وہ وزارت عظمیٰ کے عہدے سے سبکدوش ہوگئے تھے۔اب ان کے خلاف عدالت عظمیٰ کے حکم پر احتساب عدالت میں بدعنوانیوں کے الزام میں مقدمہ چلایا جارہا ہے۔ میاں نواز شریف کی نااہلی کے بعد بھی میاں شہباز شریف کا نام وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے طور پر سامنے آیا تھا لیکن میاں نواز شریف نے انھیں پنجاب کی وزارت اعلیٰ ہی پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا اور شاہد خاقان عباسی کو مسلم لیگ ن نے وزارت عظمیٰ کے لیے اپنا امیدوار نامزد کردیا تھا۔ وہ قومی اسمبلی سے بقیہ مدت کے لیے بھاری اکثریت سے وزیراعظم منتخب ہوگئے تھے۔اب اگر 2018ءمیں ہونے والے انتخابات میں مسلم لیگ نواز حکومت بنانے کے لیے درکار اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتی ہے تو پھر میاں شہباز شریف اس کے وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار ہوں گے۔