کیپ ٹان، 30 دسمبر (یو این آئی) کپتان وراٹ کوہلی کی قیادت میں ٹیم انڈیا کے کھلاڑیوں نے یہاں جنوبی افریقہ کے خلاف پانچ جنوری سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے ہفتہ کو نیٹ پر جم کر مشق کی۔ ہندستانی ٹیم وراٹ کی قیادت میں جمعہ کی صبح ہی کیپ ٹا¶ن پہنچ گئی اور پھر اس کے بعد کھلاڑیوں نے سارا دن آرام کیا۔ہفتہ کو انہوں نے پھر میدان میں مشق کرنا شروع کر دی۔ ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے کھلاڑیوں کی پریکٹس کی کچھ تصاویر ٹویٹر پر پوسٹ کی ہیں جس میں کپتان وراٹ میدان پر بلے بازی کی مشق کر رہے ہیں تو مسٹر وال چتیشور پجارا بھی اپنا بیٹ لے کر وراٹ کے ساتھ مشق کے لئے نیٹ کی جانب جا رہے ہیں۔ سری لنکا کے خلاف ٹوئنٹی 20 سیریز میں شاندار کارکردگی کرنے والے اوپنر لوکیش راہل میدان میں گیند سے مشق کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔وہیں ہیڈ کوچ روی شاستری ٹیم کے پہلے پریکٹس سیشن کا بڑے غور سے معائنہ کر رہے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے دورے پر ہونے والا واحد پریکٹس میچ منسوخ ہونے کی وجہ سے ٹیم کے لئے یہ ٹریننگ سیشن بہت اہم ہے ۔ہندستان نے جنوبی افریقہ میں 25 برسوں میں کبھی کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں جیتی ہے ایسے میں ٹیم کو اس بار کچھ نیا کرنا ہوگا۔ ہندستان نے جنوبی افریقہ میں اب تک 17 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں جس میں اس نے دو جیتے ہیں اور آٹھ ہارے ہیں جبکہ سات میچ ڈرا رہے ہیں۔
میچ سے پہلے وراٹ اینڈ کمپنی نے افریقہ میںبہایا پسینہ
