پٹنہ جنکشن فلائی اوور عوام کے سپرد

پٹنہ 26 دسمبر (تاثیر بیورو): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے منگل کی شام کو پٹنہ جنکشن فلائی اوور کا افتتاح ریبن کاٹ کرکیا اور اسے ریاست کے عوام کو سپرد کردیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنکشن کے آس پاس کافی بھیڑ ہوتی تھی جس سے لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ اس فلائی اوور کی تعمیر سے وہ پریشانی دور ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیشن کے شمالی حصے میں تعمیر کاکام پورا ہوگیا ہے اور اب جنوبی حصے میں بھی اسی طرح کافلائی اوور بنے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہم پٹنہ میٹرو کیلئے بھی کوشاں ہیں۔ پالیسی میں تبدیلی ہوئی ہے اس لئے دوبارہ ڈی پی آر مرکز کو بھیجا جائے گا۔ محکمہ شہری ترقیات اس میں لگا ہوا ہے۔ ابھی مرکزی وزیر پوری صاحب یہاں آئے ہوئے تھے ان سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ہے ، انہوں نے کہا ہے کہ جب نئی تجویز ملے گی تو اسے جلد از جلد منظوری دے دی جائے گی۔ ہم لوگ پہلے سے ہی اس طرح کامنصوبہ بنائے ہوئے ہیں کہ فلائی اوور اور میٹروکے روٹ میں کوئی پریشانی نہ ہو۔فلائی اوور کے نیچے کھلا رکھا گیا ہے۔ لوہیا پتھ چکر بن رہا ہے جس سے لوگوں کی پریشانی دور ہوجائے گی۔ اکزبیشن روڈ فلائی اوور سے جڑ جانے سے گاندھی میدان تک اس فلائی اوور کے توسط سے لوگ آسانی سے آجاسکتے ہیں۔ اوپر کارنر پر رنگ کنکٹیویٹی کیلئے غور کیا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سال 2031 تک پٹنہ مہا نگر کی آبادی 60 لاکھ سے زیادہ ہوجائے گی۔ باہر سے بھی لوگ روزانہ لاکھوں کی تعداد میں آتے ہیں۔ اس لئے آمدورفت کے ذرائع پر دھیان رکھنا ہوگا۔ پٹنہ سے بہٹا ایئر پورٹ کے درمیان رابطہ بنائے رکھنے کیلئے بھی لمبے فلائی اوور کی تعمیر کامنصوبہ زیر غور ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ فلائی اوور جس جگہ بنا ہے وہ کتنی خوبصورت جگہ ہے، بغل میں مندر اور مسجد ہے یہ اپنے آپ میں پیغام دیتا ہے۔ بائیں طرح بدھ میموریل پارک ہے۔ افتتاحی تقریب سے نائب وزیراعلیٰ سشیل کمار مودی، سڑک تعمیرات کے وزیر نند کشور یادو نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر پٹنہ صاحب کے ایم پی شتروگھن سنہا اور مقامی ارکان اسمبلی بھی موجود تھے۔