نئی دہلی، 29 دسمبر (یو این آئی) دو مرتبہ کے اولمپک میڈلسٹ سشیل کمار نے جمعہ کو یہاں کے ڈی جادھو کشتی اسٹیڈیم میں بھاری ہنگامے ، مارپیٹ اور تنازعہ کے درمیان اگلے سال ہونے والے دولت مشترکہ کھیلوں اور سینئر ایشیائی چمپئن شپ کا ٹکٹ حاصل کر لیا۔ سال 2018 کے دولت مشترکہ کھیلوں اور سینئر ایشیائی چمپئن شپ میں ہندستانی ٹیموں کو منتخب کرنے کے لئے یہاں سلیکشن ٹرائیل کا انعقاد کیا گیا لیکن ٹرائیل کو ہی اکھاڑے میں تبدیل کر دیا گیا ۔جہاں سشیل کمار کے حامیوں اور ان کے چھترسال اسٹیڈیم کے ساتھی پہلوان پروین رانا کے حامیوں کے درمیان جم کر مار پیٹ ہو گئی۔ سشیل اور رانا کا مقابلہ بھی پرتشدد رہا اور دونوں ہی پہلوانوں نے ایک دوسرے کو کاٹنے کا الزام لگایا۔سشیل کو پہلے را¶نڈ میں بائی ملی اور پھر اگلے را¶نڈ میں انہوں نے دنیش کمار کو تکنیکی برتری کی بنیاد پر 10۔0 سے ہرا دیا۔ انہوں نے پھر پروین رانا کو سخت مقابلے میں 7۔3 سے شکست دی اور پھر جتیندر کو 4۔3 سے شکست دے کر 74 کلو گرام فری اسٹائل کلاس میں دولت مشترکہ کھیلوں کے لئے ٹکٹ حاصل کر لیا۔ سشیل کو اس سال حال میں اندور میں ہوئی قومی چمپئن شپ میں فائنل میں پروین رانا نے اپنی چوٹ کا حوالہ دیتے ہوئے واک اوور دے دیا تھا۔ سشیل نے پھر جوہانسبرگ میں دولت مشترکہ چمپئن شپ میں پروین رانا کو شکست دی تھی۔لیکن یہاں ہوئے ٹرائیل میں دونوں کے درمیان مقابلہ کافی پرتشدد رہا۔ مقابلے کے دوران چیزیں اتنی اچھی نہیں دکھائی دیں۔ سشیل نے مقابلہ جیتنے کے بعد دعوی کیا کہ رانا نے مقابلے کے دوران ان کو کاٹ لیا ۔ ساتھ ہی انہوں نے اپنے مداحوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی۔سشیل کے مقابلہ جیت لینے کے بعد رنگ کے باہر کے علاقے میں جو کچھ ہوا وہ ہندستانی کشتی کے لئے شرمناک تھا۔ رانا کے بھائی نے الزام لگایا کہ سشیل کے حامیوں نے ان کے ساتھ مارپیٹ کی۔انھوں نے ساتھ ہی الزام لگایا کہ ان پر حملہ کرنے والوں نے جان سے مارنے کی دھمکی دی اور ساتھ ہی کہا کہ وہ رانا کو آئندہ پرو ریسلنگ لیگ میں حصہ نہیں لینے دیں گے ۔ سشیل نے صحافیوں کو بتایاکہ رانا نے مجھے کاٹا لیکن یہ کوئی مسئلہ نہیں ہے ۔یہ مجھے روکنے کی حکمت عملی ہو سکتی ہے اور یہ سب کھیل کا حصہ ہے ۔لیکن جو کچھ ہوا وہ سب غلط ہے اور میں اس کی مذمت کرتا ہوں۔ٹرائیل دیکھنے پہنچے اسٹار پہلوان یوگیشور دت نے بھی واقعہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے شرمناک بتایا۔ ٹرائیل کی کووریج کرنے پہنچے ٹی وی چینلز کے کیمرے ٹرائیل چھوڑ مارپیٹ کا کووریج کرنے پہنچ گئے ۔رانا کے بھائی نے الزام لگایا کہ 25۔30 لوگوں نے ان پر حملہ کیا۔انہوں نے ساتھ ہی کہاکہ مجھے انصاف پر پورا بھروسہ ہے ۔ کشتی اسٹیڈیم کے باہرافرا تفری، مارپیٹ اور ہنگامے کا ماحول تھا۔اس ہنگامے کے درمیان سے نکل کر یوگیشور دت بھی ٹرائیل دیکھنے پہنچے ۔ ٹرائیل میں فری اسٹائل اور گریکو رومن پہلوانوں کا انتخاب کیا گیا۔راہل اوارے نے 57 کلوگرام میں اولمپین امت دہیا کو 7۔1 سے اور سندیپ تومر کو 11۔7 سے شکست دے کر دولت مشترکہ کھیلوں کا ٹکٹ حاصل کیا ۔ 65 کلوگرام میں ایشیائی چمپئن بجرنگ پنیا نے امت دھنکھڑ کو 4۔0 سے ، 86 کلوگرام میں سومویر نے دیپک کو 6۔1 سے ، 97 کلوگرام میں موسم کھتری نے دیوورت کادیان کو 4۔1 سے اور 125 کلوگرام میں سمیت نے گرپال کو شکست دے کر ٹکٹ حاصل کیا۔ منتخب کردہ پہلوان اس طرح ہیں : فری اسٹائل۔57 راہل اوارے ، 65 بجرنگ پنیا، 74 سشیل کمار، 86 سومبیر، 97 موسم کھتری، 125 سمیت۔ گریکو رومن۔55 راجندر، 60 گیانندر، 63 وکرم کراڈے ، 67 منیش، 72 کلدیپ ملک، 77 گرپریت سنگھ، 82 ہرپریت سنگھ، 87 سنیل، 97 ہردیپ، 130 نوین ۔
ہنگامہ اور تنازعہ کے دوران سشیل کوملا دولت مشترکہ کھیلوں کا ٹکٹ
