بلجیم نے ارجنٹائن اور اسپین نے ہالینڈ کو دی شکست

بھونیشور، 02 دسمبر (یو این آئی) عالمی درجہ بندی میں تیسرے نمبر کی ٹیم بیلجئیم نے چوتھے کوارٹر میں کئے گئے شاندار دو گولوں کی بدولت ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ لیگ فائنل کے پول اے کے اپنے پہلے میچ میں ہفتہ کو اولمپک چمپئن ارجنٹائن کو 3۔2 سے دلچسپ انداز میں شکست دی جبکہ اسی گروپ کے ایک اور میچ میں اسپین نے بھی ہالینڈ کو 3۔2 سے شکست دی۔ یہاں کلنگا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں بیلجیم کی ٹیم نے میچ کے نویں منٹ میں ہی لوک لیپرٹ کے پنالٹی کارنر پر کئے گئے گول کی بدولت اسکور 1۔0 کر لیا۔بیلجئیم کی ٹیم دنیا کی نمبر ایک ٹیم ارجنٹائن کے خلاف آدھے وقت تک 1۔0 کی برتری لئے ہوئی تھی۔ دوسرا اور تیسرا کوارٹر گول بغیر رہنے کے بعد بیلجئیم نے چوتھے کوارٹر کے 51 ویں منٹ میں ایرمر¸ کیوسٹرس کے میدانی گول کی بدولت اپنی برتری کو 2۔0 پہنچا دیا۔اگرچہ اس کے ایک منٹ بعد ہی 52 ویں منٹ میں اولمپک چمپئن ارجنٹائن نے واپسی کرتے ہوئے میکو ساسیلا کے میدانی گول کی مدد سے اسکور 1۔2 کر دیا۔ میچ ختم ہونے سے چار منٹ پہلے ہی ٹام بون نے 56 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کر بیلجیم کو مقابلے میں 3۔1 کی برتری دلا دی۔لیکن اس کے ایک منٹ بعد ہی 57 ویں منٹ میں گونزالو پیلٹ نے پنالٹی کارنر کو گول میں بدل کر ارجٹینا کا اسکور 2۔3 کر دیا۔ اس کے بعد نمبر ایک ٹیم ارجنٹینا اور کوئی گول نہیں کر سکی اور بیلجیم نے 3۔2 سے مقابلہ اپنے نام کر لیا۔ گروپ اے کے ہی ایک اور میچ میں عالمی درجہ بندی میں نویں نمبر کی ٹیم اسپین نے چوتھے نمبر کی ٹیم ہالینڈ کو 3۔2 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی مہم کی فاتحانہ شروعات کی۔ اسپین نے میچ کے 15 ویں منٹ میں ہی پاو کیومیڈا کے پنالٹی کارنر پر کئے گئے گول کی بدولت اسکور 1۔0 کر لیا۔اس کے بعد دوسرا کوارٹر گول کے بغیر رہنے کے بعد اسپین نے تیسرے کوارٹر میں دو اور گول داغے ۔اسپین کے لئے اینرق گونزالز نے 35 ویں منٹ میں میدانی گول کر کے اپنی ٹیم کا اسکور 2۔0 کر دیا۔ اس کے دو منٹ بعد ہی ہالینڈ نے شاندار واپسی کرتے ہوئے 37 ویں منٹ میں لارس بک کے پنالٹی کارنر پر گول کی بدولت اسکور 1۔2 کر دیا۔مخالف ٹیم کے گول کے دو منٹ بعد ہی اسپین نے 39 ویں منٹ میں گول کر اپنی برتری کو 3۔1 پہنچا دیا۔اسپین کے لئے یہ گول ڈیگو ارانا نے کیا۔ میچ ختم ہونے سے پانچ منٹ پہلے ہی ہالینڈ نے 55 ویں منٹ میں میرکو پرجسر کے میدانی گول کی بدولت اسکور کے فرق کو 2۔3 کر دیا۔ حالانکہ اس کے بعد اور کوئی گول نہیں ہو سکا اور اسپین نے ہالینڈ کو 3۔2 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی مہم کی جیت کے ساتھ شروعات کی۔