روہت نے توڑاڈی ولیئرس کا ریکارڈ

نئی دہلی، 23 دسمبر (یواین آئی) ہندوستان کے نئے سکسر کنگ اور ٹوئنٹی 20 میں نیا ریکارڈ اپنے نام کرنے والے روہت شرما نے ایک کیلنڈر سال میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا ہے ۔ روہت نے سری لنکا کے خلاف جمعہ کو اندور میں کھیلے گئے دوسرے ٹوئنٹی -20 میچ میں اپنی 118 کی شاندار اننگز کے دوران 10 چھکے لگائے جس سے کھیل کے تینوں فارمیٹس میں سال 2017 میں ان کے چھکوں کی تعداد 64 ہو گئی ہے اور وہ ڈی ویلیئرس سے آگے نکل گئے ہیں۔ ڈی ویلیئرس نے سال 2015 کے ایک کیلنڈر سال میں سب سے زیادہ 63 چھکے لگائے تھے ۔ اس سے پہلے ویسٹ انڈیز کے جارح بلے باز کرس گیل نے 2012 میں 59 چھکے اور آسٹریلیا کے آل را¶نڈر شین واٹسن نے 2011 میں 57 چھکے لگائے تھے ۔ اس میچ میں کپتانی سنبھال رہے روہت نے ہندوستان کی جانب سے ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا ہے ۔ اس معاملے میں انہوں نے یوراج سنگھ کو پیچھے چھوڑا۔ یوراج نے دو مرتبہ ایک اننگز میں سات سات چھکے لگائے تھے ۔ روہت نے صرف 35 گیندوں پر سنچری لگاکر ٹوئنٹی -20 بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے کم گیندوں پر سنچری مکمل کرنے کے جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ ملر کے عالمی ریکارڈ کی برابری کی۔ ملر نے اسی سال بنگلہ دیش کے خلاف یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔ روہت نے اپنی اننگز کے دوران ہندوستان کی طرف سے ٹوئنٹی -20 میں سب سے بڑا اسکور اور ایک اننگز میں زیادہ چھکوں کا نیا ریکارڈ بھی بنایا۔ انہوں نے اپنے ساتھی سلامی بلے باز لوکیش راہل کے گزشتہ سال ویسٹ انڈیز کے خلاف لاڈرھل میں بنائے گئے ناٹ آ¶ٹ 110 رن کو پیچھے چھوڑ کر ہندوستان کی طرف سے سب سے بڑی اننگز کھیلنے کا ریکارڈ بھی اپنے نام درج کرایا۔ روہت نے بین الاقوامی ٹوئنٹی -20 میں اپنی دوسری سنچری مکمل کی۔ اس فارمیٹ میں وہ دو سنچری بنانے والے پانچویں بلے باز بن گئے ہیں۔ ان سے پہلے کرس گیل، برینڈن میک کولم، اون لوئیس اور کولن منرو نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ روہت اور راہل نے پہلے وکٹ کے لئے 165 رن جوڑے جو اس فارمیٹ میں ہندوستان کی طرف سے نیا ریکارڈ ہے ۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ روہت اور شکھر دھون کے نام پر تھا۔ انہوں نے اسی سال نیوزی لینڈ کے خلاف دہلی میں 158 رنز جوڑے تھے ۔