نئی کتاب ’محروم و مظلوم طبقات اور مسلمان‘ کا اجرائ

نئی دہلی 12دسمبر(ابصار احمد صدےقی ) ۔ مرکز جماعت اسلامی ہند میں منعقد ‘میڈیا منیجمنٹ ورک شاپ’ کے اختتامی اجلاس میں، جس میں مرکز کے ذمے دار ان اور ملک کی ریاستوں کے امراءشریک تھے، جناب محمد اقبال ملّا، مرکزی سکریٹری شعبہ دعوت کی تازہ تصنیف ‘محروم و مظلوم طبقات اور مسلمان’ کا جناب نصرت علی، نائب امیر جماعت اسلامی ہند کے بہ دست اجرا عمل میں آیا ۔ اس موقع پر راقم سطور نے کتاب کا مختصر تعارف کرایا ۔ غیر مسلموں میں دعوت و تبلیغ کی اہمیت کے موضوع پر جناب اقبال ملّا صاحب کی اس سے قبل کیی اہم کتابیں شائع ہوچکی ہیں، مثلاً جذبہ دعوت کی آبیاری، دعوتی کاموں کے لیے خطوط کار، حق کی تلاش، وحدتِ ادیان کی حقیقت، آدی باسی سماج اور مسلمان ۔یہ کتاب بھی ایک اہم دعوتی موضوع کا احاطہ کرتی ہے ۔ انبیاءکا اسوہ یہ ہے کہ انسانوں کے تمام طبقات کو مخاطب بنایا جائے، لیکن تاریخ اور تجربہ دونوں سے ثابت ہے کہ محروم و مظلوم طبقات ہی دعوت کی طرف لپکنے اور اسے قبول کرنے میں جلدی کرتے ہیں ۔ ہندوستا ن میں محروم و مظلوم طبقات کے افراد کی تعداد کروڑوں میں ہے ۔ اس کتاب میں سماج کے دبے کچلے اور محروم و مظلوم طبقات میں کارِ دعوت کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی ہے، ہندوستان میں ان طبقات کا تعارف کرایا گیا ہے اور ان کی تاریخ پر روشنی ڈالی گئی ہے، ان کے مفکرین اور اہم شخصیات (جیوتی باپھلے، امبیڈکر، پیری یار، پتت پاون داس، شاہو مہاراج اور کانشی رام) کے مختصر حالاتِ زندگی بیان کیے گیے ہیں ۔آخر میں ان طبقات کے درمیان کام کا عملی خاکہ تفصیل سے پیش کیا گیا ہے ۔