کرکٹرز سمیت عملے کی تنخواہ بڑھانے کا بی سی سی آئی کا فیصلہ

دہلی، 15 دسمبر (یو این آئی) ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے قائم مقام صدر سی کے کھنہ نے جمعہ کو کھلاڑیوں کی فیس میں بے تحاشہ اضافہ کی خبروں پر واضح کیا کہ فی الحال اسے لے کر بات چیت جاری ہے اور یہ مثبت سمت میں ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ اور منتظمین کی کمیٹی (سی او اے ) نے ٹیم انڈیا کے کھلاڑیوں کے موجودہ تنخواہ ڈھانچے میں تبدیلی کرتے ہوئے ان کی تنخواہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔اس کے تحت گھریلو کرکٹروں کی تنخواہ میں بھی اضافہ طے تھا۔ اگرچہ بی سی سی آئی کے قائم مقام صدر کھنہ نے اس معاملے پر وضاحت دی ہے ۔انہوں نے یواین آئی سے کہا کہ اس معاملے پر ابھی بات چیت چل رہی ہے جو مثبت سمت میں ہے لیکن کچھ بھی آخری مرحلے تک نہیں پہنچا ہے ۔ہم نے کسی بھی تجویز پر مہر نہیں لگائی ہے اور نہ ہی کچھ یقینی ہے ۔ہم اس تجویز پر بحث کے لیے آگے بھی میٹنگ کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ کھنہ نے ساتھ ہی کہا کہ ہندستانی اور بین الاقوامی کرکٹروں ہی نہیں بلکہ اسپورٹ عملے کے ارکان کی تنخواہ کو بھی بڑھا دیا جانا چاہیے ۔انہوں نے بتایا کہ کھلاڑیوں سے منسلک تنخواہ کی پیشکش پر بورڈ کے خزانچی انرودھ چودھری کام کر رہے ہیں اور اس پر عام اجلاس میں بحث کی جائے گی۔ غور طلب ہے کہ ایسی خبریں تھی کہ ہندستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کی تنخواہ میں زبردست اضافہ ہونے والا ہے جس سے کھلاڑیوں کی موجودہ تنخواہ میں 100 فیصد تک کا اضافہ ہو جائے گا اور وراٹ کوہلی جیسے سینئر کھلاڑی کو 10 کروڑ روپے تک سالانہ ملیں گے ۔ فی الحال تنخواہ فارموے لے کے تحت گریڈ ایک کے کھلاڑیوں کو سالانہ دو کروڑ روپے ، گریڈ بی کے کھلاڑیوں کو ایک کروڑ اور گریڈ سی کے کھلاڑیوں کو 50 لاکھ روپے ملتے ہیں۔سمجھا جاتا ہے کہ بی سی سی آئی تنخواہ کے موجودہ 180 کروڑ روپے کے کوور کو بڑھا کر 200 کروڑ روپے تک کرنے پر غور کر رہا ہے جس سے سب کے تنخواہ میں اضافہ ممکن ہو گا۔