آئی پی ایل -11کی نشریات 6 زبانوں میں

نئی دہلی، 17 جنوری (یو این آئی) کرکٹ شائقین اس بار ہونے والے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 11 ویں ایڈیشن کا لطف چھ زبانوں میں لے سکتے ہیں۔ ہندوستانی کھیلوں، میں کرکٹ نشریات کے حقوق حاصل کرنے والے اسٹا انڈیا نے گزشتہ برس بے شمار دولت سے بھرپور آئی پی ایل کے اگلے پانچ سال کی نشریات کے حقوق 16347.5 کروڑ روپے (2.5 عرب ڈالر) میں خریدے تھے اور اب اسٹا انڈیا اپنے اسٹار اسپورٹس چینل پر آئندہ آئی پی ایل کے 11 ویں ایڈیشن کے میچوں کی نشریات کرے گا۔ اسٹار انڈیا کے منیجنگ ڈائرکٹر سنجے گپتا نے بی سی سی آئی کے ایکزیکیٹیو افسر راہل جوہری کے ساتھ بدھ کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں اس کی اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ اسٹار انڈیا نے اس بار دنیا کی سب سے بڑی لیگ آئی پی ایل کے میچوں کی نشریات کے لئے وسیع انتظامات کئے ہیں اور یہ چھ زبانوں ۔ ہندی، انگریزی، بنگالی، تامل، تیلگو اور کنڑ میں نشر کئے جائیں گے ۔ مسٹر گپتا نے کہا کہ آئی پی ایل پچھلے 10 برسوں کے دوران دنیا کی سب سے بڑی لیگ بن گئی ہے ۔ پچھلی بار تقریباً 5.53 کروڑ لوگوں نے ٹی وی اور موبائل پر آئی پی ایل کے میچ دیکھے تھے اور اس بار ہماری کوشش ہوگی کہ یہ پوری دنیا میں تقریباً 700 کروڑ لوگوں تک پہنچے ۔ اس کے لئے ہم نے ہاٹ اسٹار پر بھی آئی پی ایل کے میچوں کو نشر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اسٹار انڈیا کے منیجنگ ڈائرکٹر نے کہا کہ ہاٹ اسپاٹ 27 اور 28 جنوری کو ہونے والی نیلامی کے عمل کو بھی راست نشر کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹار انڈیا اپنی بہترین تکنالوجی کے ذریعہ آئی پی ایل کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانا چاہتا ہے ۔ مسٹر گپتا نے کہا کہ ہندوستان میں تقریباً 80 کروڑ لوگ میچ دیکھتے ہیں اور ان میں سے صرف دو سے تین کروڑ لوگ ہی اسٹیڈیم میں بیٹھ کر میچ دیکھ پاتے ہیں، اس لئے ہم اسے ہر شخص تک پہنچانا چاہتے ہیں تاکہ وہ بھی آئی پی ایل کے میچوں کا لطف لے سکیں۔ اس موقع پر بی سی سی آئی کے چیف ایگزیکٹو افسر جوہری نے کہا کہ آئی پی ایل دنیا کی سب سے بڑی لیگ ہے اور ہم اسے ہندوستان کے ہر شخص تک پہنچانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں باصلاحیت کرکٹروں کو تلاش کرنا، انہیں پنی صلاحیت مظاہرہ کرنے کا موقع دینا اور کرکٹ سے متعلق بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینا بی سی سی آئی کی مہم کا اہم ستون ہے ۔ ایسے میں آئی پی ایل کی ترقی اور مقبولیت مختلف محاذ پر اپنا دائرہ وسیع کرے گی۔ آئی پی ایل کے 11 ویں ایڈیشن کے لئے اس بار 27 اور 28 جنوری کو بینگلورو میں نیلامی کی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس میں آٹھ فرنچائزی ٹیمیں 282 غیر ملکی کھلاڑیوں سمیت کل 1122 کھلاڑیوں پر بولی لگائیں گی۔ ان میں 1122 کھلاڑیوں میں 281 تجربہ کار اور 778 ہندوستانی سمیت 838 غیر تجربہ کھلاڑی شامل ہیں۔