واشنگٹن 20جنوری ( آئی این ایس انڈیا ) امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے جمعہ کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران اور شمالی کوریا جیسے آوارہ اور بد معاش ممالک اپنی اقوام کو تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی امن کے لیے بھی خطرہ ثابت ہو رہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ’داعش‘ کو کچل ڈالنے کے باوجود انتہا پسندی کا باب مکمل بند نہیں ہوا ہے۔ داعش جیسے کئی گروپ اب بھی نفرت پھیلانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ایک بیان میں امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ شمالی کوریا اور ایران جیسی بد معاش ریاستیں علاقائی اور عالمی امن کو تباہ کرنے پر م±صِر ہیں۔ ان ملکوں کے سیاسی نظام اپنی عوام پر مظالم ڈھانے، ان کی عزت وقار کو داو¿ پر لگانے اور بنیادی انسانی حقوق کو پامال کرنے میں ملوث ہیں۔ ایسے مما لک اپنے ایجنڈے کو دوسرے ملکوں تک پھیلا نے کی مذموم کوششیں کرتے ہیں۔جیمزمیٹس کا کہنا تھا کہ داعش کے کچلے جانے کے بعد بھی حزب اللہ اور القاعدہ جیسی تنظیمیں موجود ہیں جو مسلسل نفرت پھیلا رہی ہیں۔امریکی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ان کا ملک دہشت گردی کے خلاف جنگ کو موثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے نئے اتحاد اور غیر روایتی شراکت کے قیام کے قیام کے لیے کوشاں ہے۔جیمز میٹس نے ایران میں حالیہ ایام کے دوران ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی رجیم عوام کا غم وغصہ ٹھنڈہ کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کو ایرانی عوام کے ساتھ کوئی تنازع نہیں۔ ایرانی عوام ملک پر مسلط آمرانہ نظام حکومت کو تسلیم نہیں کرتے۔
ایران جیسے ممالک عالمی امن کے لیے خطرہ :میٹس
