بنگلہ دیش میں 3 مشتبہ عسکریت پسندوں کو گولی مار دی گئی

ڈھاکا 12جنوری(آئی این ایس انڈیا)بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکا میں پولیس نے تین مشتبہ عسکریت پسندوں کو گولی مار دی۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو سکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ ریپڈ ایکشن بٹالین نامی فورس کے سربراہ بےنظیر احمد نے بتایا کہ اس واقعے میں سکیورٹی اہلکاروں نے ڈھاکا میں ایک عمارت میں موجود ان شدت پسندوں کا محاصرہ کر لیا تھا، اور یہ خونریزی اس محاصرے کے بعد شروع ہونے والے فائرنگ کے تبادلے میں ہوئی۔ یہ جگہ ملکی وزیر اعظم شیخ حسینہ کے دفتر سے دور نہیں ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس واقعے کے بعد حکام نے اس مکان سے تینوں عسکریت پسندوں کی لاشوں کے علاوہ متعدد ہتھیار اور گولہ بارود بھی قبضے میں لے لیا۔