بھارت کو جیت کےلئے 287 رنوں کی ضرورت

سینچورین، 16 جنوری (یو این آئی) بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ سنچورین میں کھیلا جارہا ہے۔ کھیل کے چوتھے دن جنوبی افریقہ کی ٹیم دوسری باری کھیلتے ہوئے 258رن پر آو¿ٹ ہوگئی تھی۔جنوبی افریقہ کو پہلی باری میں 28رنوں کی سبقت حاصل تھی۔ اس لئے بھارت کو جیت کے لئے اب 287 رنوں کی ضرورت ہے۔ ڈین ایلگر (61) اور سرکردہ بلے باز اے بی ڈی ولیرس (80) کی نصف سنچری اننگز سے جنوبی افریقہ نے ہندوستانی بولروں کے اٹیک سے سنبھلتے ہوئے دوسرے کرکٹ ٹسٹ کے چوتھے دن منگل کو لنچ تک پانچ وکٹ باقی رہتے 201 رن کی برتری حاصل کرلی۔ جنوبی افریقہ نے لنچ تک 55 اوور میں پانچ وکٹ پر 173 رن بنائے اور اپنی برتری کو 201 رنز تک پہنچا دیا۔لنچ تک کپتان فاف ڈو پلیسس 12 اور ورنون فلینڈر تین رنز بنا کر کریز پر ہیں۔ ہندستان نے لنچ سے پہلے تین وکٹ لئے جس میں تمام وکٹ فاسٹ بولر محمد سمیع کے ہاتھ لگے ۔ اس سے پہلے صبح میزبان ٹیم نے اپنی اننگز کا آغاز کل کے 90 رن پر دو وکٹ سے آگے کیا تھا۔ اس وقت ایلگر 36 اور ڈی ولیرس 50 رن پر ناٹ آ¶ٹ تھے ۔دونوں نے تیسرے وکٹ کے لئے 141 رن کی سنچری شراکت کرتے ہوئے اپنا ا سکور 144 تک پہنچا دیا۔لیکن فاسٹ بولر محمد سمیع نے انہیں وکٹ کیپر پارتھیو پٹیل کے ہاتھوں کیچ کراکر اس شراکت پر بریک لگا دیا اور ہندستان کو دن کا پہلا وکٹ بھی دلایا۔ ڈی ولیرس نے 121 گیندوں کی اننگز میں 10 چوکے لگا کر 80 رن بنائے جو ان کی ٹیسٹ میں 42 ویں نصف سنچری ہے ۔انہوں نے اپنے کل کے اسکور میں 30 رنز کا اضافہ کیا۔دوسرے سرے پر ایلگر نے بھی اپنے ا سکور کو نصف سنچری میں تبدیل کیا اور 121 گیندوں کی اننگز میں آٹھ چوکے اور ایک چھکا لگا کر 61 رن بنائے ۔انہیں سمیع نے لوکیش راہل کے ہاتھوں کیچ کرایا۔اس کے بعد کوئنٹن ڈی کاک کو بھی سمیع نے جلد ہی اپنا شکار بنایا اور 12 رن کے ذاتی اسکور پر پٹیل کے ہاتھوں کیچ کراکر 163 کے اسکور پر جنوبی افریقہ کی پانچویں وکٹ بھی نکال دیا۔کاک نے پانچ گیندوں میں تین چوکے لگائے لیکن وہ زیادہ دیر تابڑ توڑ حملہ نہیں کر سکے ۔