سابق برازیلی کھلاڑی رونالڈینہونے کیا ریٹائرمنٹ کا اعلان

سا¶ پالو، 16 جنوری (یو این آئی) سابق برازیلی کھلاڑی اور بارسلونا کے مڈفیلڈر رونالڈینہو نے عالمی کپ، چیمپئنز لیگ جیسے ایوارڈوں سے سجے سنہرے کیریئر سے ریٹائرمنٹ لے لیا ہے ۔ برازیلی کھلاڑی کے بھائی اور ایجنٹ ایسس نے اس کی اطلاع دی ہے ۔ رونالڈینہو نے اپنے کیریئر میں عالمی کپ، چیمپئنز لیگ، کوپا لیبیرٹاڈوریس جیسے بڑے خطاب جیتے اور دنیا کے بہترین کھلاڑی بھی بنے ۔ انہوں نے 2015 کے بعد سے کوئی فٹ بال مقابلہ نہیں کھیلا ہے لیکن پھر بھی وہ پیشہ ورانہ فٹ بال میں بنے ہوئے تھے ۔ ایسس نے ریو ڈی جینرو کے ایک اخبار سے کہا ”ہم کچھ بڑا کرنے جا رہے ہیں اور کچھ بہترین، روس میں ہونے والے عالمی کپ کے بعد اگست میں ممکنہ ہم کچھ الگ کریں گے ”۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ رونالڈینہو کے لئے وداعی میچ ہوگا جس کے میچ برازیل، یورپ اور ایشیا میں ہونگے اور قومی ٹیم کے ساتھ بھی اس کا ایک میچ ہوگا۔ 38 سالہ رونالڈینہونے اپنے کیرئیر کا آغاز گریمیو کلب سے کیا تھا اور دیگر سات کلبوں کے ساتھ بھی فٹ بال کھیلا جس میں پیرس سینٹ جرمین، اے سی میلان، کو یریٹاروکے علاوہ برازیل کے کلب فلامینگو ، ایٹلیٹکو منیریو اورفلومینیز کے ساتھ بھی کھیلا۔ حالانکہ 2003 سے 2008 کے درمیان انہوں نے بارسلونا کے لیے کھیل کر شہرت حاصل کی اور ہسپانوی کلب کے لئے متعدد عمدہ میچ کھیلے ۔2005 میں بیرنابیو میں ریال میڈرڈ کے خلاف0۔3 کی سبقت والا میچ ان کے کیریئر کا سب سے زیادہ یادگار میچ تھا۔ انہوں نے بارسلونا کو 2006 میں چیمپئنز لیگ، لا لیگا میں 2005 اور 2006 میں خطاب دلوانے میں مدد کی اور 2005 میں بیلن ڈی فاتح بھی بنے ۔ سال 2008 میں رونالڈینہو ملان کا حصہ بنے اور 2011 میں سکوڈیٹو خطاب جیتا۔ اس کے بعد وہ واپس برازیل لوٹ آئے اور ایٹلیٹکو منیریو کی جانب سے 2013 میں کوپا لبیرٹاڈوریس خطاب جیتا۔ لیکن اس کے بعد وہ پھر کبھی اس سطح پر نہیں کھیل سکے ۔ رونالڈینہو نے اپنی قومی برازیلی ٹیم کے لئے 101 میچوں میں 35 گول داغے جس میں 2002 عالمی کپ میں ان کی انگلینڈ کے خلاف 40 فٹ کے فاصلے سے داغا گیا گول بھی شامل ہے ۔