سعودی خواتین آج سے فٹبال میچ اسٹیڈیم میں جا کر دیکھ سکیں گی

جدہ ، 11 جنوری (یو این آئی)سعودی خواتین ملک کی تاریخ میں پہلی بار رواں ماہ ہونے والے فٹ بال میچ کے مقابلے اسٹیڈیم میں جا کر دیکھ سکیں گی۔ ریاض حکومت نے گزشتہ برس اعلان کیا تھا کہ سن دو ہزار اٹھارہ سے خواتین پر عائد اس پابندی کو ختم کر دیا جائے گا۔ سعودی حکومت کے زیرانتظام چلائے جانے والے انٹرنیشنل کمیونیکیشن سینٹرنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سعودی خواتین جمعہ کے روز سے شروع ہونے والے فٹ بال میچ اسٹیڈیم میں جا کر دیکھ سکیں گی۔ سعودی وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری ایک بیان میں بھی کہا گیا ہے کہ وہ پہلا میچ جو سعودی خواتین کو دیکھنے کی اجازت ہو گی، بارہ جنوری کو الحئی بمقابلہ الباطن فٹ بال کلب کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اس سلسلے کا دوسرا میچ تیرہ جنوری جبکہ تیسرا اور آخری میچ اٹھارہ جنوری کو ہو گا۔ وہ اسٹیڈیم جہاں یہ مقابلے منعقدہوں گے اُن میں سے کنگ فہد اسٹیڈیم دارالحکومت ریاض میں، دوسرا جدہ میں اورتیسرا دمام شہر میں ہے ۔ گزشتہ برس اکتوبر میں سعودی اسپورٹس اتھارٹی نے اعلان کیا تھا کہ مذکورہ بالا تینوں اسٹیڈیم اب خواتین کے لحاظ سے بھی تیارکیے جائیں گے ۔ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے وژن 2030 کے تحت اعلان کر رکھا ہے کہ سعودی مملکت کا تشخص ایک اعتدال پسندملک کا بنایا جائے گا۔