سعودی عرب نے القدس کے بارے میں اپنا مو¿قف تبدیل نہیں کیا: وزیر خارجہ

ریاض 7جنوری ( آئی این ایس انڈیا )سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ سعودی مملکت کے یروشلیم کے بارے میں مو¿قف میں کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوئی ہے اور وہ اس کو فلسطین کا دارالحکومت سمجھتا ہے۔انھوں نے یہ بات ہفتے کے روز اردن کے دارالحکومت عمان میں عرب وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد کہی ہے۔اس اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹر مپ کے القدس (یروشلیم) کو اسرائیل کا دارا لحکومت تسلیم کرنے کے متنازعہ فیصلے پر غور کیا گیا ہے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ خطے میں ایران کی مداخلت کے مقابلے میں اردن کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا۔اس موقع پر اردنی وزیر خارجہ ایمن الصفادی نے کہا کہ اس دیرینہ تنازع کے دو ریاستی حل اور خطے میں یروشلیم دارالحکومت کے ساتھ فلسطینی ریاست کے قیام کے بغیر سلامتی کی ضمانت نہیں دی جاسکتی۔انھوں نے ارد ن کے اس مو¿قف کا ا عادہ کیا کہ وہ امریکا کے القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتا ہے۔انھوں نے کہا کہ عرب لیگ دنیا سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرانے کے لیے کام کرے گی۔انھوں نے مزید کہا کہ عرب لیگ نے اردن کو دوسری ریاستوں کے ساتھ القدس کے ایشو پر ابلاغ کی ذمے داری سونپی ہے۔اس اجلاس میں عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابو الغیط کے علاوہ اردن ، فلسطین ، سعودی عرب ، مصر ، متحدہ عرب امارات اور مراکش کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دسمبر میں مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے متنازع فیصلے پر عرب اور مسلم دنیا نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ایک غیر پابند قرارداد کے ذریعے اس فیصلے کو کثرت رائے سے مسترد کردیا تھا۔