سہسرام 13 جنوری (انجم ایڈووکیٹ) : وزیراعلیٰ نتیش کمار نے اپنی سمیکشا یاترا کے دوران روہتاس ضلع کے سنجھولی بلاک کے سوساڑھی گاﺅں پہنچے۔ جہاں انہوں نے کھلے میںرفع حاجت سے پاک ہوئے امیٹھی پنچایت کے مختلف معاملوں کی جانکاری لی۔ او ڈی ایف قرار پانے والا یہ روہتاس کاپہلا گاﺅں ہے۔ وزیراعلیٰ نے چوپال کے تحت منعقد پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس گاﺅں میں آکر مجھے خوشی ہورہی ہے اور جن لوگوں نے بھی اس کام میں مدد کی ہے میں ان کا سب کومبارکباد دیتا ہوں۔ سوچھ بھارت پروگرام کو بہار میں لوہیا سوچھتا مشن کے نام سے چلایاجارہا ہے۔چونکہ لوہیا جی نے ہی کافی عرصہ پہلے صفائی اور کھلے میں رفع حاجت کے معاملے اٹھائے تھے۔ دور حاضر میں سات عزائم کے تحت بیت الخلا کی تعمیر، ہر گھر میں نل کا جل، ہر گاﺅں میں پختہ نالی اور گلی کی تعمیر، گھر گھر میں بجلی کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ ہر گاﺅں میں اب شہری سہولیات مہیا ہوںگی۔ او ڈی ایف صحت سے متعلق معاملہ ہے اور 90 فیصدی بیماری کھلے میں رفع حاجت اور آلودہ پانی کے استعمال سے ہوتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بہار میں انصاف کے ساتھ ترقی کا عمل جاری ہے۔ کسانوں کی آمدنی دوگنا کرنے کے انتظامات بھی کئے جارہے ہیں۔ 154 کروڑ روپئے کا زرعی روڈ میپ اس میںمعاون ثابت ہوگا۔ ریاست میں شراب بندی موثر طریقے سے نافذ ہے،لوگوں کی حمایت بھی بڑھتی جارہی ہے۔ شراب بندی کے نتیجے میں جرائم کا گراف بھی نیچے آیا ہے۔ بہار آج جرائم کے معاملے میں 22 ویں مقام ہے۔ جہیز ایذا رسانی اور قتل کے معاملے میں بہار دوسرے نمبر پر ہے۔ اس کے خاتمے سے جرائم میں بھی کمی آئے گی۔ خواتین کی خصوصی اپیل پر 2 اکتوبر 2017 سے جہیز کے خلاف تحریک چھیڑی گئی ہے۔ کم عمری کی شادی کو بھی ممنوع قرار دیا گیاہے۔ جہیز لینے والے اپنے رشتہ داروں کے یہاں بھی شادی میں نہ جائیں، اس کی مخالفت کریں تبھی اس سماجی برائی کا خاتمہ ممکن ہے۔ کم عمری کی شادی اور جہیز کے خلاف آئندہ 21 جنوری کو انسانی زنجیر بنائی جائے گی، جس میں کثیر تعداد میں لوگ شامل ہوںگے۔سماجی اصلاح اور ترقیاتی کام ایک ساتھ ہوںگے تو بہار کی تصویر اور تقدیر دونوں بدلے گی اور تبھی بہار ترقی یافتہ اور خوشحال ریاست بنے گا۔
سماجی اصلاح اور ترقی ایک ساتھ ہو تبھی بدلے گا بہار:نتیش
