پیرس 13جنوری(آئی این ایس انڈیا)روسی وزیرخارجہ سیرگی لافروف نے اپنے ایرانی ہم منصب محمد جواد ظریف سے شام کے بحران کےسیاسی حل کے طریقہ کار پر ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ سیرگی لافروف نے ایرانی وزیرخارجہ کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں روسی شہر سوچی میں ہونے والی نیشنل سیرین کانفرنس کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔لافروف نے کہا کہ ہم شام میں نیشنل ڈائیلاگ کانفرنس کی تیاریوں کے حساس مرحلے سے گذر رہےہیں۔ روس، ترکی اور ایران کو مل کرشام کے تنازع کا سیاسی حل کے لیے کوششیں کرنا ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ سوچی کانفرنس جنیوا میں شام کے حوالے سے ہونے والی بات چیت کو آگے بڑھانے اورمذاکرات کے لیے ماحول سازگار بنانے میں مدد گار ثابت ہوگی۔دوسری جانب ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے کہا کہ ان کا ملک روس اور ترکی کے ساتھ مل کر شام میں سیاسی عمل آگے بڑھانے کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اور روس نے خطے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
شام کے تنازع کے سیاسی حل پر روس اور ایران کی بات چیت
