دہلی،4 جنوری (یو این آئی) سپریم کورٹ نے آج یہاں ایک معاملے کی سماعت کے دوران ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ کو ہدایت دی ہے کہ بہار کی ریاستی کرکٹ ٹیم کو رنجی ٹرافی اور دیگر اہم ٹورنامنٹ میں شرکت کی اجازت دی جائے ۔چیف جسٹس آف انڈیا دیپک مشرا کی زیرصدارت اور جسٹس اے ایم کھانولکراور جسٹس ڈی رائی چندر چوڑ پر مشتمل بنچ نے ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) اور کرکٹ ایسوسی ایشن آف جھارکھنڈ، جمشید پور کے معاملے پر سماعت کے بعد یہ حکم جاری کیا۔ واضح رہے کہ ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے یہ دلیل دیتے ہوئے کہا کہ بہار کرکٹ بورڈ کا کل وقتی رکن نہیں ہے اس لیے اسے ریاستی سطح کے مقابلوں میں شرکت کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔تین رکنی بنچ نے عبوری فیصلے دیتے ہوئے کہا کہ بہار کرکٹ ایسوسی ایشن اور ریاستی ٹیم کو مقابلوں میں شامل کرنا خود کھیل کے مفاد میں ہی ہے ۔سپریم کورٹ کی مذکورہ ہدایت کے بعد سابق سی اے جی ونود ر ائے کی صدارت والی ، سپریم کورٹ کے ذریعہ تشکیل شدہ سی او اے کے بہار کو بی سی سی آئی کی ہمہ وقتی اراکین کی فہرست میں شامل کرتا ہے یا نہیں، یہ دیکھنے کی بات ہوگی۔ واضح ہو کہ گذشتہ سال بی سی سی آئی نے جونیئر اور خاتون کرکٹ مقابلوںکا پروگرام بدلا ہے تاکہ بہار اور نارتھ ایسٹ ریاست کی ٹیمیں بھی اس میں حصہ لے سکیں۔ بہار پر 2001 سے ہی کرکٹ مقابلوں میں حصہ لینے پر پابندی لگی ہوئی ہے ، جب بی سی سی آئی کے صدرجگموہن ڈالمیانے جھارکھنڈ کوہمہ وقتی رکنیت دیتے ہوئے بہار کی منظوری چھین لی تھی۔
نئے سال میں بہار کو سپریم کورٹ کا تحفہ
