نئی دہلی، 13 جنوری (یو این آئی) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی)نے کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم کے بیٹے کارتی چدمبرم کے دہلی اور چنئی واقع پانچ ٹھکانوں پر آج چھاپے مارے۔ای ڈی نے ایئر سیل-میکسس معاملے میں ’فارن انویسٹمنٹ پروموشن بورڈ‘ کی منظوری کی تحقیقات کے سلسلے میں یہ چھاپے مارے ہیں۔کارتی کو آئی اے این ایکس میڈیا معاملہ میں 11 جنوری کو ای ڈی کے سامنے پیش ہونا تھا لیکن ان کے موجود نہ ہونے پر ڈائرکٹوریٹ نے انہیں 16 جنوری کو طلب کیا ہے۔کانگریس نے پارٹی کے سینئر لیڈر پی چدمبرم کے بیٹے کارتی چدمبرم کے دہلی اور چنئی ٹھکانوں پر ایئرسیل -میکسس معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی چھاپہ مارنے کو بدلے اور غلط ارادوں سے کی گئی کارروائی قرار دیتے ہوئے آج الزام لگایا کہ سیاسی بدلے کے لئے مرکزی ایجنسیوں کا ’کٹھ پتلی‘کی طرح استعمال کیا جارہا ہے۔آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے میڈیا انچارج رندیپ سرجے والا نے چھاپہ مارنے کی اس کارروائی پر ایک ٹیلی ویڑن چینل سے اپنے ردعمل میں کہا کہ انہیں کانگریس کے سینئر لیڈران کے خلاف بدلے اور غلط ارادوں سے کی گئی اس کارروائی پر حیرانی نہیں ہے۔انہوں نے کہا،”وزیراعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت اپوزیشن سے بدلہ لینے کےلئے ہر روز انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور مرکزی تفتیشی بیورو(سی بی آئی) کا کٹھ پتلی کی طرح استعمال کررہی ہے۔“سرکاری ذرائع کے مطابق انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے مسٹر چدمبرم کے بیٹے کارتی چدمبرم کے دہلی اور چنئی میں واقع پانچ ٹھکانوں پر چھاپہ مارنے کی کارروائی کی ہے۔
کارتی چدمبرم کے ٹھکانوں پر ای ڈی کے چھاپے
