انجری کے سبب شعیب ملک کو پاکستان واپس بھیجنے کا فیصلہ

ویلنگٹن ، 21 جنوری (یو این آئی)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار آل را¶نڈر شعیب ملک انجری کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ ٹیم انتظامیہ نے ان کے متبادل کے طور پر کسی کو شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ٹیم منیجر طلعت علی، ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد پر مشتمل پاکستان ٹور منیجمنٹ کمیٹی نے 22 جنوری سے شروع ہونے والی سیریز کے لیے شعیب ملک کی شمولیت کے حوالے سے ٹیم کے فزیو تھراپسٹ وب سنگھ سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کر لیا۔ کمیٹی نے نیوزی لینڈ میں شعیب ملک کے ٹیسٹ کے بعد اعلیٰ طبی ماہرین کے مشورے کے بعد انھیں پاکستان واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا تا کہ وہ آرام کرکے مکمل صحت یاب ہوسکیں۔ پاکستان ٹیم کے فزیو تھراپسٹ وب سنگھ کا کہنا تھا کہ شعیب ملک ہملٹن میں ہونے والے ون ڈے کے دوران گیند سر پر لگنے سے زخمی ہوئے تھے تاہم وہ صحت یاب ہورہے ہیں اور روزانہ بہتر سے بہتر ہورہے ہیں۔ ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ انھیں صحت یابی کے لیے سات سے دس روز کے آرام کی نصیحت کی گئی ہے اور اس فیصلے کا مقصد انھیں صحت یابی کے لیے بہترین موقع دینا ہے۔ تاکہ وہ گھر میں آرام دہ ماحول میں بہتر ہوں۔ ٹورمنیجمنٹ کمیٹی نے اجلاس کے دوران فیصلہ کیا کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے شعیب ملک کے متبادل کے طور پر کسی کو نہ بلایا جائے گا۔یاد رہے کہ شعیب ملک نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ون ڈے کے دوران سر پر گیند لگنے سے زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد پانچویں اور آخری میچ کے لیے عمر امین کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ عمرا امین ٹی ٹوئنٹی میں انتخاب کے باعث پہلے ہی نیوزی لینڈ میں موجود تھے ۔خیال رہے کہ پاکستان کو پانچ میچوں کی ایک روزہ سیریز میں نیوزی لینڈ نے 5۔0 سے کلین سوئپ کیا تھا۔