حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے بعض افسروں کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے اظہرالدین

حیدرآباد،13جنوری(یواین آئی)ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہرالدین نے حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے بعض افسروں بشمول پرکاش جین کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے جنہوں نے گزشتہ سال منعقدہ ایسوسی ایشن کے انتخابات میں مقابلہ کرنے کا انہیں موقع دینے کی اجازت نہیں دی۔اظہرالدین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ انہیں بی سی سی آئی سے اس کی اجازت مل گئی تھی تاہم حیدرآبا دکرکٹ ایسوسی ایشن کے افسروں بشمول جین نے ریٹرننگ افسر کو غلط باور کروایا کہ وہ ان انتخابات میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہیں ۔اظہرالدین نے کہاکہ وہ ان افسروں کے خلاف قانونی کارروائی پر غور کررہے ہیں کیونکہ ان کے پاس بی سی سی آئی کے مکتوبات ہیں۔انہوں نے کہاکہ انہیں انتخابات میں حصہ لینے سے روکا گیا ہے ۔اظہرالدین نے ایچ سی اے کے صدر جی وویکانند کے خلاف بھی برہمی کا اظہار کیا کیونکہ وویکانند نے کہا تھا کہ بی سی سی آئی نے اظہرالدین کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی ہے ۔سابق کپتان نے کہاکہ ان کے پاس ثبوت ہیں ۔ایچ سی اے یہ نہیں کہہ سکتی کہ بی سی سی آئی سے ان کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ملی ۔یہ بنیادی حقوق کی مکمل خلاف ورزی ہے ۔انہوں نے کہاکہ وہ وویکانند یا کسی اور افسر سے کوئی مخاصمت نہیں رکھتے تاہم وویکانند مسلسل اپنے اختیارات کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔درحقیقت جی وینکٹ سوامی کپ تلنگانہ ٹی 20کو بی سی سی آئی کی منظوری نہیں ملی اور ایچ سی اے اس ٹورنمنٹ کو منعقد کررہا ہے ۔اظہر نے کہا کہ اگرآپ تمل ناڈو اور کرناٹک میں دیکھیں تو ان ریاستوں میں بی سی سی آئی کی اجازت حاصل کی گئی تاہم یہاں ایسا نہیں کیا گیا۔اظہر الدین نے کہاکہ وہ سابق انٹرنیشنل اور فرسٹ کلاس کرکٹرس کے وفد کی قیادت کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں تاکہ ممبئی میں بی سی سی آئی کے ونود رائے اور راہل جوہری سے ملاقات کی جاسکے ۔اظہر نے کہا”ہم ہمارا معاملہ شخصی طورپر پیش کرنا چاہتے ہیں ۔ہمیں امید ہے کہ بی سی سی آئی جلد ہی کارروائی کرے گی۔ہمیں ہمارے موافق فیصلہ ملنے کی امید ہے ۔میں نے کہا ہے کہ لودھااصلاحات پرعمل نہیں کیا گیا ہے ۔لودھا اصلاحات کے مطابق انتخابات کا انعقاد سابق الیکشن کمشنر کی جانب سے کیا جانا چاہئے نہ کہ الکٹورل افسر کی جانب سے ۔وویکانند ، کابینی وزیر ہیں اور مجھے امید ہے کہ ریاستی حکومت اس مسئلہ پر وضاحت کرے گی”۔