سات سال بعد ساہا کی جگہ ٹیم میں لوٹے کارتک

نئی دہلی، 16 جنوری (یو این آئی) تجربہ کار دنیش کارتک کو جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے اور سیریز کے آخری کرکٹ ٹیسٹ میں زخمی وکٹ کیپر بلے باز ردھمان ساہا کی جگہ شامل کیا گیا ہے جو ان کی سات برس کے طویل وقفے کے بعد قومی ٹیم میں واپسی ہے ۔ ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے منگل کو اس کی اطلاع دی۔بورڈ کے ایگزیکٹو سیکرٹری امیتابھ چودھری نے کہا کہ آل انڈیا سینئر سلیکشن کمیٹی نے تیسرے میچ کے لیے ساہا کی جگہ کارتک کو وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری کے لئے ٹیم کا حصہ بنایا ہے ۔کارتک جوہانسبرگ میں 24 سے 28 جنوری تک کھیلے جانے والے آخری ٹیسٹ سے پہلے ٹیم سے جڑیں گے ۔ 32 سالہ کارتک نے ہندستانی ٹیم کی جانب سے 23 ٹیسٹ اور پانچ ون ڈے میچ کھیلے ہیں۔ان کے نام 51 کیچ اور پانچ اسٹمپگ بھی درج ہیں۔ساہا نے بنگلہ دیش کے خلاف چٹگام میں 17 دسمبر 2010 کو آخری بار ہندستان کی جانب سے ٹیسٹ ٹیم میں کھیلا تھا۔ ٹیسٹ ٹیم کے وکٹ کیپر ساہا کو جمعرات ٹریننگ کے دوران ہیمسٹرنگ چوٹ لگ گئی تھی۔بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم ساہا کی فٹنس اور چوٹ کو لے کر آگے جائزہ لے گی۔اس سے پہلے ساہا کی جگہ سینچورین ٹیسٹ میں پارتھیو پٹیل کو ذمہ داری دی گئی تھی۔ کیپ ٹا¶ن میں ہوئے پہلے ٹیسٹ میں ساہا کامیاب نہیں رہے تھے اور انہوں نے دونوں اننگز میں صفر اور 08 کے اسکور کئے ۔اگرچہ مہندر سنگھ دھونی کے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد سے ہی ساہا قومی ٹیسٹ ٹیم کے لئے پہلی پسند رہے ہیں اور وکٹ کے پیچھے کافی کامیاب بھی رہے ہیں۔ساہا نے سال 2010 میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہی ڈیبو کیا تھا اور اس کے بعد سے ہندستان کے لیے 32 ٹسٹ میں شرکت کی ہے ۔ان کے نام ٹسٹ میں 85 شکار ہیں جن میں 75 کیچ اور 10 اسٹمپگ شامل ہیں۔