سیف علی خان نے ’ریس تھری‘ نہ کرنے کی وجہ بتادی

ممبئی،15جنوری(پی ایس آئی) بالی ووڈ میں چھوٹے نواب کے نام سے مشہور سیف علی خان نے سلمان خان کی فلم ’ریس تھری‘ نہ کر نے کی وجہ بتادی۔اداکار سیف علی خان کا ستارہ ان دنوں گردش میں ہے اور ان کی فلمیں مسلسل ناکامی کا شکا ر ہورہی ہیں جس کی وجہ سے وہ بہت پریشان دکھا ئی دیتے ہیں لیکن انہیں ’ریس تھری‘ کا انتظار تھا مگر بالی ووڈ کے سلطان نے اس فرنچائز پر بھی قبضہ جمالیا اور یوں پہلی دونوں فلموں میں مرکزی کردار ادا کرنے والے چھوٹے نواب کو ’ریس تھری‘ سے باہر کردیا گیا تاہم سیف علی خان نے اس حوالے سے خاموشی توڑتے ہوئے حیران کن انکشاف کرڈاالا۔ میڈیا رپو رٹس کے مطابق چھوٹے نواب نے ’ریس تھری‘ نہ کرنے کی وجہ سلمان خان کو نہیں بلکہ اسکرپٹ کو قرار دیا، اداکار کا کہنا تھا کہ فلمساز رمیش تورانی نے ان سے کہا تھا کہ اس بار وہ بالکل ہٹ کر اسٹو ری بنارہے ہیں جب کہ انہیں فلم میں کردار کی آفر کی گئی تھی مگر وہ انہیں پسند نہیں آیا، اس لیے ’ریس تھری‘ کے بجائے دیگر فلمیں کرنے کو ترجیح دی۔ چھوٹے نواب کا کہنا تھا کہ سلمان خان اس وقت انڈسٹری میں سب سے بڑے سپر اسٹار ہیں۔واضح رہے ریس کی پہلی دونوں فلموں میں سیف علی خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا جب کہ فلم میں ان کے ساتھ انیل کپور، اکشے کھنہ، جان ابراہم، دپیکا پڈوکون، جیکولین فرننڈس سمیت دیگر اداکار بھی شامل تھے۔