دوبارہ نمبر ون بننے پر نہیں، اچھی کارکردگی پر نظر:نڈال

ایکاپلکو، 27 فروری (یو این آئی) سابق نمبر ایک ا سپین کے رافیل نڈال نے کہا ہے کہ چوٹ سے واپسی کے بعد ان کی نظریں دوبارہ نمبر ون بننے پر نہیں بلکہ اچھی کارکردگی کرنے پر لگی ہوئی ہیں ۔ 31 سال کے نڈال پیر کی چوٹ کے بعد سے پہلی بار کورٹ پر اتریں گے اور وہ یہاں منگل سے شروع ہوئے میکسیکو اوپن میں حصہ لیں گے ۔نڈال اس سال جنوری میں سال کے پہلے گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنل میچ سے ہٹ گئے تھے ۔آسٹریلین اوپن سے ہٹنے کے بعد سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر نے نڈال سے نمبر ون کی جگہ چھین لی تھی اور درجہ بندی میں سب سے اوپر جگہ پر پہنچنے والے دنیا کے سب سے عمردراز کھلاڑی بن گئے تھے ۔ میکسیکو اوپن میں ٹاپ سیڈ نڈال کو فلسیانو لوپیز کے خلاف اپنی مہم کی شروعات کرنی ہے ۔ نڈال نے کہاکہ میں اس ٹورنامنٹ میں کھیل رہا ہوں کیونکہ مجھے یہ پسند ہے ، بلکہ اس وجہ سے نہیں میں نے پھر سے سب سے اوپر جگہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ 16 بار کے گرینڈ سلیم فاتح نڈال کو ٹورنامنٹ میں ٹاپ سیڈ دی گئی ہے ۔وہ اس سے پہلے یہاں 2005 اور 2013 میں خطاب اپنے نام کر چکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اپنے کیریئر کے اس پڑا¶ پر میں خوش رہنا چاہتا ہوں اور مسلسل کھیلتے رہنا چاہتا ہوں، پھر چاہے نمبر ون رہوں یا نمبر پانچ پر۔ دنیا کے دوسرے نمبر کے کھلاڑی نڈال نے کہا کہ وہ اب چوٹ سے مکمل طور پر نجات حاصل کر چکے ہیں اور کھیل پر توجہ لگا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں نے کئی ہفتوں آرام کیا اور اپنے ریہیبی لیٹیشن پر بھی کافی کام کیا ہے ۔ میں نے گزشتہ ہفتے ہی مشق کرنا شروع کر دی تھی اور اب بھی کر رہا ہوں۔ٹورنامنٹ میں کھیلنے کے لئے میں پوری طرح تیار ہوں۔
گزشتہ سال یہاں رنر اپ رہے نڈال نے کہاکہ چوٹ کیریئر کا ایک حصہ ہے اور ایسا پہلی بار نہیں ہوا ہے ۔لیکن ہاں، اس سے نکل پانا مشکل ہوتا ہے ، خاص طور پر تب جب آپ ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کرنا چاہتے ہیں۔میرے لئے کورٹ پر پھر واپسی کرنا اور اچھی کارکردگی کے لئے یہ ایک اچھا موقع ہے ۔