ونڈے کے بعد بھارت کا ٹی -20سیریز پر بھی قبضہ

کیپ ٹا¶ن ،25 فروری (آئی این ایس انڈیا) سریش رینا کے 27گیند میں 43 رن کے بعد اپنے گیند بازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے فیصلہ کن تیسرے ٹی 20 کرکٹ میچ میں 7 رنز سے جیت درج کرکے سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی۔ ہندوستان نے پہلے بلے بازی کی دعوت پر سات وکٹ پر 172 رن بنائے۔جواب میں جنوبی افریقہ ٹیم 20 اوور میں چھ وکٹ پر 165رن ہی بنا سکی۔ٹیسٹ سیریز گنوانے کے بعد ون ڈے سیریز جیتنے والی ہندوستانی ٹیم نے اس جیت کے ساتھ ہی آٹھ ہفتے کے دورے کا شاندار اختتام کیا۔جنوبی افریقہ کی ٹیم میں قدم رکھنے والے کرسٹیان جوکر نے 24 گیند میں پانچ چوکوں اور دو چھکوں کے ساتھ 49 رنز بنا کر ہندوستان کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی تھی لیکن آخر میں بھونیشور کمار اینڈ کمپنی نے تحمل کے ساتھ بولنگ کرتے ہوئے ہندوستان کی جیت کو یقینی بنایا۔جوکر کے علاوہ کپتان جے پی ڈومنی نے 41گیند میں 55رن بنائے جس میں دو چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ان دونوں کے علاوہ کوئی میزبان بلے باز ٹک کر نہیں کھیل سکا۔ہندوستان کے لیے بھونیشور کمار نے چار اوور میں 24رن دے کر دو وکٹ لئے جبکہ پنڈیا نے چار اوور میں 22رن دے کر ایک وکٹ لیا۔ ہندوستانی اننگز میں اوپنر شکھر دھون نے 40 گیند میں 47 رن بنائے۔ ادھرجنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے اور فیصلہ کن ٹوئنٹی 20 میچ میں مین آف دی میچ رہے ہندوستانی ٹیم کے دھماکہ خیز بلے باز سریش رینا کا کہنا ہے کہ اس کارکردگی سے انہیں کافی اعتماد ملا ہے اور وہ جلد ہی ون ڈے میں بھی واپسی کرنے میں کامیاب رہیں گے ۔31 سال کے رینا نے سنیچر کی رات کو میزبان جنوبی افریقہ کے خلاف 27 گیندوں پر 43 رنز بنائے اور تین اوور میں 27 رن دے کر ایک وکٹ بھی حاصل کیا۔ان کی اس آل را¶نڈ کارکردگی کی بدولت انہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔رینا کی آل را¶نڈ کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے تیسرا ٹی 20 میچ سات رن سے جیت کر تین میچوں کی ٹوئنٹی 20 سیریز 2۔1 سے جیت لی۔ رینا نے میچ کے بعد کہاکہ دوبارہ واپسی کرنا اور فارم بنانا میرے لئے بہت اہم ہے ۔یہاں اب میں سری لنکا میں (سہ رخی ٹوئنٹی 20 سیریز) اور پھر آئی پی ایل کھیلوں گا۔ہمیں آگے صرف کافی میچ کھیلنے ہیں۔میں اس ٹیم کا حصہ رہ چکا ہوں جس نے 2011 میں عالمی کپ جیتا تھا۔ وہ میرا پہلا عالمی کپ تھا اور میرے لئے ایک ناقابل یقین احساس تھا ۔ رینا نے کہاکہ بس کچھ اور میچوں کی بات ہے اور میں ون ڈے ٹیم میں میں واپسی کروں گا۔ میں گزشتہ دو سالوں سے کافی محنت کر رہا ہوں۔جم اور میدان دونوں جگہ پسینہ بہا رہا ہوں۔ بس اسی سوچ کے ساتھ محنت کر رہا تھا کہ ایک دن ٹیم انڈیا کے لئے دوبارہ کھیلوں گا۔ون ڈے میں میں نے پانچ نمبر پر اچھی بلے بازی کی ہے ۔مجھے لگتا ہے کہ میں پھر سے ون ڈے میں اچھا کر سکتا ہوں۔مجھے امید ہے کہ میں جلد سے جلد ون ڈے میں بھی واپسی کروں گا۔ ہندستان کے لئے اب تک 223 ون ڈے اور 68 ٹوئنٹی 20 میچ کھیل چکے رینا نے کہا کہ وراٹ کوہلی اور روی شاستری کا شکریہ جنہوں نے مجھے کھل کر بلے بازی کرنے کی چھوٹ دی۔ جس طرح ہم نے ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز میں مظاہرہ کیا اس سے ڈریسنگ روم کا ماحول بہترین اور پرسکون رہا ۔ اس سیریز میں مجھے مدد ملی۔ابتدائی چھ اوورز میں آپ کو تیزی دکھانی ہوتی ہے ۔ ہندستانی بلے باز نے مزید کہاکہ ٹیم کے مکمل عمل بہترین ہے ۔بس آپ کو اپنے بیسکس صحیح رکھنے ہیں۔گزشتہ دو سے ڈھائی ماہ میں ہم نے یہاں جو کیا ہے وہ اس سے پہلے اور کوئی ٹیم سالوں سے نہیں کر سکی۔اس کے لئے ہمیں اسپورٹ اسٹاف کو کریڈٹ دینا چاہئے انہوں نے ہمیں یقین دلایا کہ ہم میدان پر اپنی بہترین دے سکیں۔