ویسٹ انڈیز کی سرزمین پر پہلا ڈے نائٹ ٹیسٹ جون میں

بارباڈوس، 06 فروری (یو این آئی) ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم سری لنکا کے خلاف 23 جون سے یہاں ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کی میزبانی کرے گا جو کیریبین سرزمین پر پہلا دن رات ٹیسٹ میچ ہوگا ۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم سری لنکا کے خلاف ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو میں چھ جون سے تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز کھیلے گی۔سری لنکا کرکٹ نے منگل کو بتایا کہ سیریز کا پہلا میچ چھ سے 10 جون تک ٹرینیڈاڈ میں، دوسرا 14 سے 18 جون تک سینٹ لوسیا میں اور تیسرا ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ 23 سے 27 جون تک بارباڈوس میں کھیلا جائے گا۔ سری لنکا 10 سال بعد ویسٹ انڈیز کا دورہ کرے گی ۔سری لنکا نے اس سے پہلے مارچ 2008 میں ویسٹ انڈیز کا دورہ کیا تھا جہاں تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز 1۔1 سے ڈرا رہی تھی۔ ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے درمیان ہونے والا تیسرا ڈے نائٹ ٹیسٹ ورلڈ کا کل آٹھواں ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ ہو گا ۔ پہلا ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ نومبر 2015 میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا گیا تھا۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم اب تک دو دن رات ٹیسٹ میچ کھیل چکی ہے جس میں اس نے ایک میں بھی کامیابی حاصل نہیں کی ہے جبکہ سری لنکا نے اپنے پہلے ڈے نائٹ ٹیسٹ ڈیبو میں پاکستان کو شکست دی تھی۔