دبئی، 14 فروری (یو این آئی) بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے کے لئے جنوبی افریقہ کے تیز گیند باز کیگیسو ربادا پر میچ فیس کا 15 فی صد جرمانہ عائد کیا ہے ۔ ربادا کو ہندستان کے خلاف پورٹ الزبتھ میں منگل کی رات کھیلے گئے پانچویں ایک روزہ میچ میں اس وقت ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے کا قصوروار پایا جب انہوں نے حریف ٹیم کے بلے باز شکھر دھون کو آ¶ٹ کرنے کے بعد انہیں ہاتھوں سے باہر جانے کا اشارہ کیا۔ آئی سی سی نے ربادا پر جرمانہ لگانے کے علاوہ ان کے کھاتہ میں ایک منفی پوائنٹ بھی جوڑ دیا ہے جس سے ان کے کھاتے میں اب 5 منفی پوائنٹ ہوگئے ہیں۔ واضح رہے کہ اگر 2019 کے دوسرے ہفتہ تک ربادا کے کھاتے میں آٹھ پوائنٹ ہوجاتے ہیں تو انہیں بھاری جرمانہ دینا ہوگا اور انہیں دو ٹسٹ ، دو ون ڈے یا چار ون ڈے یا ٹوئنٹی-20 (جو بھی پہلے کھیلا جائے گا) سے معطل کردیا جائے گا۔
