جوہانسبرگ، 18 فروری (یو این آئی) درمیانی تیز گیند باز شبنم اسماعیل (30 رن پر پانچ وکٹ) کی خطرناک گیند بازی سے جنوبی افریقہ نے ہندوستانی خواتین ٹیم کو تیسرے ٹوئنٹی 20 بین الاقوامی کرکٹ میچ میں اتوار کو پانچ وکٹ سے شکست دے دی۔ ہندستانی ٹیم اس شکست کے باوجود پانچ میچوں کی سیریز میں 2۔1 سے آگے ہے ۔ اب تک شاندار بلے بازی کر رہی ہندوستانی ٹیم اس میچ میں 17.5 اوور میں 133 رن پر آ¶ٹ ہو گئی جبکہ جنوبی افریقہ نے 19 اوور میں پانچ وکٹ پر 134 رن بنا کر کامیابی حاصل کی اور سیریز کو دلچسپ بنا دیا۔ ہندستان کی مضبوط بیٹنگ حیرت کی بات اس میچ میں نہیں چلی۔گزشتہ دو میچوں میں مسلسل نصف سنچری بنا کر پلیئر آف دی میچ رہیں سابق کپتان متالی راج اس بار کھاتہ کھولے بغیر ہی پہلے اوور کی پانچویں گیند پر ماریجین کیپ کا شکار بن گئی۔ سمرتی مدھانا نے 24 گیندوں میں پانچ چوکوں اور ایک چھکے کے سہارے 37 اور کپتان ھرمن پریت کور نے 30 گیندوں میں چھ چوکے اور دو چھکے اڑاتے ہوئے 48 رن بنائے ۔ ہندستان ایک وقت 12 ویں اوور میں دو وکٹ پر 93 رنز بنا کر کافی مضبوط پوزیشن میں تھا لیکن اس کے بعد اس کی بلے بازی کا زوال ہو گیا اور اس نے محض 40 رن جوڑ کر آخری آٹھ وکٹ گنوا دیئے ۔ ویدا کرشنامورتی نے 14 گیندوں میں 23 رن بنائے ۔ان تین بلے بازوں کو چھوڑ کر دیگر کوئی بلے باز دہائی کے ہندسے میں نہیں پہنچ سکی۔اسماعیل نے 30 رن پر پانچ وکٹ اور مساباتا کلاس نے 20 رن پر دو وکٹ لے کر ہندستانی بلے بازی کو تہس نہس کر دیا۔ جنوبی افریقہ کے لئے ہدف چھوٹا تھا اور اسے حاصل کرنے میں زیادہ پریشانی نہیں ہوئی۔کپتان ڈین ووڈ نکرک نے 20 گیندوں پر 26، سن لس نے 34 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 41، مگنون ڈو پریذ نے 20 اور کیلو ٹراین نے محض 15 گیندوں میں چار چوکے اور دو چھکے اڑاتے ہوئے 34 رن بناکر جنوبی افریقہ کو جیت دلادی ۔ ہندستان کے پاس اس وقت موقع تھا جب اس نے جنوبی افریقہ کے چار وکٹ 111 رن پر گرا دیے تھے لیکن ٹراین کی طوفانی اننگز نے ہندوستانی توقعات کو ختم کر دیا۔ ہندستان کے لئے پوجا وستراکر نے 21 رن پر دو وکٹ لئے جبکہ راجیشور¸ گایکواڈ، انوجا پاٹل اور پونم یادو کو ایک ایک وکٹ ملا۔ شبنم اسماعیل کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔سیریز کا چوتھا میچ 21 فروری کو سنچورین میں کھیلا جائے گا۔
