کام کا بوجھ تھوڑا پریشان کرنے لگا ہے :وراٹ

ممبئی، 14 مارچ (یواین آئی) ہندوستانی کرکٹ میں تینوں فارمیٹ کے کپتان وراٹ کوہلی نے تسلیم کیا ہے کہ وہ مسلسل کرکٹ سیریزاور دوروں کے بوجھ کو محسوس کر رہے ہیں اور فی الحال کام سے ملے مختصر بریک کا بھرپور مزہ لے رہے ہیں۔ وراٹ نے یہاں ایک پروموشنل پروگرام میں کہا کہ وہ اس وقت مختصر آرام کا مزہ لے رہے ہیں جو انہیں مسلسل کام کرنے کے بوجھ سے ذہنی اور جسمانی طور پر نجات حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے ۔ ہندوستانی بلے باز فی الحال سری لنکا میں سہ رخی ٹوئنٹی 20 ٹراف¸ کا حصہ نہیں ہیں اور ان کی جگہ روہت شرما ٹیم کی کپتانی سنبھال رہے ہیں۔ کپتان نے کہا “جسمانی طور پر مجھے کچھ دقتیں محسوس ہوئی ہیں اور میں ان سے قابو پانے کی کوشش کر رہا ہوں۔مجھے اب کام کا بوجھ تھوڑا پریشان کرنے لگا ہے ۔مجھے اس کے لیے اب کافی محتاط رہنے کی ضرورت ہے کہ کس طرح میں اپنے جسم، کرکٹ اور دماغ کو متوازن اور پرسکون رکھتے ہوئے آگے بڑھوں۔ ” فی الحال کرکٹ سے باہر آرام کر رہے وراٹ نے کہا “یہ وقت میرے لئے بہت اہم ہے ۔میں اس کا پورا لطف لے رہا ہوں۔مجھے اس آرام کی بہت ضرورت تھی۔ ” جنوبی افریقہ کے تقریباً دو ماہ طویل دورے کے بعد وراٹ کو موجودہ محدود اوور کی سیریز سے باہر آرام دیا گیا ہے ۔ ان کے علاوہ مہندر سنگھ دھونی، جسپریت بمراھ، بھونیشور کمار، ہاردک پانڈیا اور کلدیپ یادو کو بھی ندھاس ٹرافی سے باہر رکھا گیا ہے ۔ وراٹ اور ٹیم کے کچھ سینئر کھلاڑیوں نے پہلے بھی مسلسل سیریز کرانے اور کام کا اضافی بوجھ ڈالنے کے سلسلے میں ہندوستانی بورڈ سے ناراضگی ظاہر کی تھی۔ جنوبی افریقہ کے دورے پر جانے سے پہلے سری لنکا سیریز کے درمیان میں کھلاڑیوں کو چار دن سے بھی کم وقت آرام ملا تھا جس پر انہوں نے ناراضگی کا اظہار کیا تھا ۔ وراٹ نے اس وقت کہا تھا کہ وہ روبوٹ نہیں ہے اور انہیں بھی آرام کی ضرورت ہے ۔ موجودہ ندھاس ٹرافی کے بعد اپریل سے مئی تک ہندوستانی کرکٹروں کو انڈین پریمیئر لیگ میں کھیلنا ہے ۔ ٹیم انڈیا پھر جولائی میں دورہ انگلینڈ میں تین ٹوئنٹی 20، تین ون ڈے اور پانچ ٹسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔