سوامی نے یوگی کو بنایا نشانہ،کہا بڑے عہدے کے حقدار نہیں

نئی دہلی ،15مارچ (یواین آئی) اترپردیش کی دوسیٹوں پر ہوئے ضمنی انتخاب میں بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی )کی شکست فاش کے بعد اپوزیشن کے نشانے پرآئی اترپردیش کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت پر اپنے بھی نکتہ چینی کرنے لگے ہیں ۔پارٹی کے سینئرلیڈر اور رکن پارلیمان سبرامنیم سوامی نے تو اشاروں اشاروں میں وزیر اعلی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ جو لیڈر اپنی سیٹ پر جیت نہیں دلا سکتا اسے بڑاعہدہ دینا جمہوریت میں خودکشی کرنے جیساہے ۔بہار اور اترپردیش میں لوک سبھا کی تین سیٹوں پر ہوئے ضمنی انتخاب میں بی جے پی کو شکست فاش ہوئی ہے ۔بی جے پی گورکھپور پارلیمانی سیٹ جو یوگی آدتیہ ناتھ کا حلقہ ہے وہاں سماج وادی پارٹی کے ہاتھوں ہاری ۔اس سے پہلے یوگی آدتیہ ناتھ اس سیٹ سے مسلسل پانچ بار ایم پی رہ چکے ہیں ۔اس کے علاوہ پھولپور جہاں سے نائب وزیراعلی کیشوپرساد موریہ ایم پی رہے ہیں بی جے پی کو وہاں بھی ایس پی کے ہاتھوں شکست کا سامناکرنا پڑا ہے ۔بہارکی ارریہ سیٹ سے راشٹریہ جنتادل کامیاب ہواہے ۔مسٹر سوامی نے ایک ٹیلی ویژن چینل سے بات چیت میں یوگی آدتیہ ناتھ پر اشاروں میں حملہ کیا ۔انھوں نے کہا”جو لیڈر اپنی سیٹ پر جیت نہیں دلاسکتے ،ایسے لیڈروں کو بڑا عہدہ دینا جمہوریت میں خودکشی کرنے کے مترادف ہے ۔عوام میں جو مقبول ہے ،وہ کسی عہدے پر نہیں ہے ۔میراماننا ہے کہ ان سب چیزوں کو درست کرنے کے لئے اب بھی وقت ہے ۔”بہار کے پٹنہ صاحب سے رکن پارلیمان اور کافی عرصہ سے پارٹی کو نشانہ بنارہے شتروگھن سنہا نے بھی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیا۔انھوں نے ٹویٹ کیا”سر ،یوپی بہار کے ضمنی انتخابات کے نتائج نے آپکو اور ہمارے لوگوں کو یہ احساس کرادیاہوگا کہ سیٹ بیلٹ باندھنی ہوگی ۔آگے مشکل وقت ہے ۔امید ہے کہ مستقبل میں ہم اس بحران سے نمٹ سکیں گے ۔جتنی جلدی ہم اس مسئلہ کو حل کرسکیں گے بہتر ہوگا ۔یہ نتیجے سیاسی مستقبل کے بارے میں بھی بتاتے ہیں ،اسے ہلکے میں نہیں لیاجاسکتا۔ ”مسٹر سنہانے ضمنی انتخاب میں جیت کے لئے اکھلیش یادو ،مایاوتی ،لالو پرساد یادو اور نوجوان لیڈر تیجسوی یادو کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اترپردیش کے وزیر اعلی میرے دوست یوگی جی جو اپنے ‘حلقہ ‘میں بھی ہار گئے اس کے لئے دکھ ہے ۔انھوں نے ٹھیک کہاہے ”حدسے زیادہ خوداعتمادی کی وجہ سے بڑی ہارہوئی ہے ۔”انھوں نے ایک دیگر ٹویٹ میں لکھا”میں مسلسل کہتا رہاہوں کہ غرور ،غصہ اور حد سے زیادہ خوداعتمادی جمہوری سیاست میں سب سے بڑے دشمن ہیں ۔یہ بات ٹرمپ ، اپوزیشن پارٹیوں سمیت سب پر صادق آتی ہے ۔جے ہند۔