اردو آموزگاروں کا فائنل امتحان اختتام پذیر

پٹنہ 25اپریل (امتیازکریم): بیلی روڈ واقع آفیسرس فلیٹ نمبر303 میںاردو ڈائرکٹوریٹ محکمہ کابینہ سکریٹریٹ، حکومت بہار کے زیرانتظام چل رہے اردو لرننگ کورس کے بیچ نمبر-02/2017-18 کے اردو آموزگاروں کافائنل امتحان بدھ کے روز اختتام پذیر ہوگیا۔ تین دنوں کے اندر ان کا رزلٹ شائع ہوجائے گا ۔جو اردو آموزگار اس امتحان میں کامیاب قرار دئے جائیں گے، انہیں 28 اپریل کی شام کرشن میموریل ہال میں منعقد ”جشن اردو“ کے افتتاحی اجلاس میں اردو آموزی کا سرٹیفکیٹ دیا جائے گا۔ یہ اطلاع ڈائرکٹر اردو امتیازاحمد کریمی نے دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آج کے امتحان میں کل 20 اردو آموزگاروں نے شرکت کی۔ ان میں اسکولی بچے ،خواتین، قلمکار، ہندی صحافی، ہندی شاعر، اسکولی ٹیچراور سرکاری عملہ بھی شامل تھے۔ تمام شرکاءنے بڑے جوش وخروش کے ساتھ امتحان دیا۔ 28 تاریخ کو انہیں اردو آموزی کا سرٹیفکیٹ دیاجائے گا۔ اس اطلاع سے ان میں مزید خوشی دیکھی جارہی تھی۔امتحان کے بعد ڈائرکٹر اردو نے تمام امتحان دہندگان سے ملاقات کی اوران کے تجربات جانے۔ تمام اردو آموزگاروں نے اپنے اپنے خوشگوار تجربات کو ڈائرکٹر اردو سے شیئر کیا۔ آج کے امتحان میں جن خواتین وحضرات نے امتحان میں شرکت کی ان میں سابق بجٹ افسر حکومت بہار پھلیشور پاسوان، شاعر اور صحافی نیلانشو رنجن، شاعر اور صحافی شری کانت ویاس، سینئر افسر منوج کمار جھا، سوشل ایکٹوسٹ محترمہ سمن سنہا، بچوں کے لئے کام کرنے والی تنظیم ”پین پنسل“ کی ذمہ دار محترمہ رشمی سنگھ، جانے مانے شاعر اور اسکول ٹیچر سمیرپریمل، سیکشن افسر جگدیش پرساد رائے، سب انسپکٹر محترمہ شویتا گپتا، پولس اہلکار محترمہ سواتی کماری، پولس اہلکار سنیل کمار شرما، پولس اہلکار سنتوش کمار، یوڈی سی رام بہادر سنگھ، لوسنٹ پبلیکیشن سے وابستہ اور جانے مانے قلمکار سنجیوکمار، طالب علم سوربھ کمار داس، طالب علم سدھانشو کمار، طالب علم سومیت کمار، نوعمر طلبا پریانشو، دیپانشو اور ستیم بھوشن شریواستو کے نام شامل ہیں۔ امتحان کے بعد ڈائرکٹراردو نے تمام امتحان دہندگان سے مل کر انہیں اردو زبان اور تہذیب کو سیکھنے کے لئئے مبارکباد دیتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ آپ عملی زندگی میں اردو زبان کے ذریعہ دئے گئے محبت کے پیغا م کو عام کرنے میں ہمیشہ پیش پیش رہیں گے۔ تمام امتحان دہندگان نے بھی ڈائرکٹر اردو کے یقین کو عملی شکل دینے کا وعدہ کیا۔ اس موقع سے اردو لرننگ کورس کے ریسورس پرسن محمد نور عالم بھی موجود تھے۔