بلجیم کے نوجوان سائیکلسٹ کا انتقال

پیرس ، 09 اپریل (یو این آئی)فرانس کی مشہور ایک روزہ پیرس روبے سائیکل ریس کے دوران بیلجیم کے نوجوان سائیکلسٹ میشائل گولاٹس انتقال کر گئے ۔ تئیس سالہ گولاٹس پہلی مرتبہ اس ریس میں شرکت کر رہے تھے ۔ اطلاعات کے مطابق بیلجیم کے نوجوان سائیکلسٹ میشائل گولاٹس دوران ریس دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ہلاک ہو گئے ۔ اتوار کے دن منعقدہ پیرس روبے ریس میں شریک گولاٹس فنش لائن سے 150 کلو میٹر قبل اچانک بے ہوش گئے تھے ۔ تئیس سالہ گولاٹس کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے فرانسیسی شہر لیل کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ علاج کے باوجود جانبر نہ ہو سکے ۔ وہ سن دو ہزار چودہ میں بیس برس کی عمر میں پروفیشنل سائیکلسٹ بنے تھے ۔ بیلجیم کے ویرنداس ولیم ٹیم کی نمائندگی کرنے والے گولاٹس فرانس کی مشہور پیرس روبے سائیکل ریس میں پہلی مرتبہ حصہ لے رہے تھے ۔ ویرنداس ولیم ٹیم کی طرف سے ایک ٹوئیٹ میں گولاٹس کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیاکہ یہ ایک ناقابل یقین صدمہ ہے ۔ گولاٹس کی ٹیم کی طرف سے تصدیق کر دی گئی ہے کہ وہ دوران ریس حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے گئے ۔ ویرنداس ولیم ٹیم کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس واقعے کے بارے میں مزید معلومات فراہم نہیں کی جائیں گی کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ گولاٹس کے عزیز اس غم میں خود کو سنبھال سکیں۔
سائیکلنگ کے بین الاقوامی منتظم ادارے یو سی آئی کے صدر ڈیوڈ لیپارٹینٹ نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ وہ تنظیم اور اپنی طرف سے اس ناگہانی موت پر گولاٹس کے گھر والوں کے ساتھ اظہار افسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید لکھا کہ اس غم میں وہ گولاٹس کے گھر والوں اور دوستوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ دو سال قبل کوزیکا کریٹیریم انٹرنیشنل سائیکل ریس میں شامل بائیس سالہ بیلجیم کے سائیکلسٹ ڈان مینگہیر کو بھی دل کا دورہ پڑا تھا، جس کے دو دن بعد وہ انتقال کر گئے تھے ۔ سن دو ہزار گیارہ میں بیلجیم کے ایک سائیکلسٹ وولٹر وائے لینڈ جیرو ڈی اطالیہ ریس کے دوسرے مرحلے میں ایک ایکسیڈنٹ کے نتیجے میں ہلاک ہو گئے تھے ۔